پاکستان

کراچی میں کووڈ کیسز میں خطرناک اضافے کے حوالے سے رپورٹ مسترد

شہر میں مثبت کیسز کے حوالے سے رپورٹ کو سنسنی خیز بنا کر پیش کیا گیا، صوبائی محکمہ صحت

سندھ کے محکمہ صحت نے کراچی میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے کیسز میں خطرناک اضافے کے حوالے سے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد سنسنی پھیلانا ہے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے بتایا کہ کراچی میں کووڈ کے مثبت کیسز کی شرح 28.30فیصد تک پہنچ گئی ہے اور جن 106 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ان میں سے 30 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

تاہم مذکورہ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ٹیسٹ کب کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں کووڈ کیسز میں اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100افراد میں کووڈ کی تشخیص ہوئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے پبلک ریلیشنز آفیسر مہر خورشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں مثبت کیسز کے حوالے سے رپورٹ کو سنسنی خیز بنا کر پیش کیا گیا۔

محکمے نے کہا کہ جن افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ان میں مرض کی علامات ظاہر ہوئیں جو زیادہ مثبت شرح کا سبب بنی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملک بھرمیں ایک بڑی آبادی کی کامیابی کے ساتھ کووڈ کی ویکسینیشن کی بدولت کووڈ کا شکار افراد میں سے بہت کم کی حالت تشویشناک ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ دانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے، لوگ ہسپتال اور پرہجوم جگہوں پر جاتے ہوئے ماسک لازمی پہنیں جبکہ لوگوں کو تجویز دی جاتی ہے کہ وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں اضافے کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کو بھی روکا جا سکے۔

ادھر 20 مارچ کو سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں ایک ہزار تین لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 47 میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور مثبت کیسز کی شرح 4.69فیصد رہی اور صوبے میں اوسطاً مثبت کیسز کی شرح 7.78فیصد رہی۔

البتہ گزشتہ کچھ دنوں کے مقابلے میں مثبت کیسز کی شرح میں کمی دیکھی گئی کیونکہ 19 مارچ کو کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 35.38 تھی، اس دن بھی 46 لوگوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی لیکن اس دن صرف 130 ٹیسٹ کیے گئے تھے، صوبے میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح 35.88 فیصد تھی۔

18 مارچ کو 130 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 47 کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 35.38 تھی، صوبے میں مجموعی مثبت کیسز کی شرح 35.88فیصد تھی۔

گزشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عوام کو ہسپتالوں میں پرہجوم مقامات پر ماسک پہننے کی تلقین کی تھی۔

این سی او سی کے مطابق یہ ہدایات ملک میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کے رجحان کو دیکھتے ہوئے 30 اپریل تک کے لیے جاری کی گئی ہیں۔

جشن ہائے بہاراں: نوروز سے ایسٹر اور ہولی سے بسنت تک

کیا زبان بولتے ہوئے لہجے کی مقامیت آنی چاہیے؟

ہم ’یہودی‘ نہیں مسلمان ہیں، ’سر راہ‘ ایجنڈا کے تحت نہیں بنا، منیب بٹ