کھیل

الیکس ہیلز کا شاندار کیچ پکڑنے پر بابر اعظم کی بال پِکر نوجوان کی تعریف، ویڈیو وائرل

میچ کے دوران باؤنڈری لائن پر موجود بال پِکر نے ایلکس ہیلز کا شانداز کیچ پکڑا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں باؤنڈری لائن پر موجود بال پِکر کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز کا شاندار کیچ پکڑنے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نوجوان کو داد دیے بغیرنہ رہ سکے۔

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دےکر ٹورنمنٹ سے باہر کردیا.

میچ کے دوران باؤنڈری لائن پر موجود بال پِکر نے ایلکس ہیلز کا شانداز کیچ پکڑا اور جب باؤنڈری لائن پر بابر اعظم گیند لینے آئے تو انہوں نے نوجوان کو داد بھی دی۔

زلمی کے کپتان کی جانب سے پذیرائی ملنے پر بال پِکر مسکراتے ہوئے آگے بڑھ گیا۔

بابر اعظم کی جانب سے بال پکر کی حوصلہ افزائی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بابر کی پرانی ویڈیو شیئر کردی، جب بابر اعظم 15 سال قبل جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر میدان سے باہر باؤنڈری پر کھڑے ایک غیرمعروف ’بال پکر‘ تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر کے کرکٹ کا سفر بھی بال پِکر کے طور پر شروع ہوا تھا جب 2007 میں جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان آئی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ کہ میرا کرکٹ کا سفر 2007 میں شروع ہوا تھا، مجھے کھیل کا جنون تھا، میں بین الاقوامی ستاروں کو اپنے سامنے کھیلتے دیکھنا چاہتا تھا، اس وقت، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی تھی تو میں نے کسی سے کہا کہ وہ کرکٹ اسٹیڈیم کی باؤنڈری لائن گیند پکرنے کے لیے کھڑا کردیں، میں اُن دنوں روزانہ گلبرگ سے قذافی سٹیڈیم جاتا تھا۔’

یاد رہے کہ 2007 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی تھی، اس سیریز کی خاص بات یہ تھی کہ یہ قومی ٹیم کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان انضمام الحق کی آخری ٹیسٹ سیریز تھی۔

انہیں جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے کامیاب بلے باز بننے کے لیے محض چند رنز ہی درکار تھے لیکن وہ پال ہیرس کی گیند پر اسٹمپ ہو کر یہ ریکارڈ نہ توڑ سکے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں باؤنڈری لائن کے باہر ایک بچہ بال پکر کی حیثیت سے کھڑا یہ سب مناظر دیکھ رہا تھا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم تھے جن کی آنکھوں میں آج بھی وہ منظر محفوظ ہے۔

بابراعظم کے لیے پاکستان کی نمائندگی ایک خواب تھا اور اسے حقیقت بنانے کے لیے انہوں نے بہت محنت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2007 میں بال پکر سے 2021 میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے کے اس سفر میں انہوں نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے سخت محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے آج بھی یاد ہے کہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمٰن کی گیند پر جین پال ڈومینی نے چھکا لگایا تو باؤنڈری کے دوسری طرف کھڑے ہو کر میں نے کیچ باآسانی تھام لیا جس پر کمنٹیٹر ای این بشپ نے میری تعریف بھی کی تھی‘۔

ٹوئٹر صارفین کا ردعمل

بابر اعظم کی جانب سے بال پکر کی حوصلہ افزائی کرنے پر ٹوئٹر صارفین بھی بابر اعظم کے عمل کی تعریف کی

عدالغفار نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 8 کا یہ بہترین لمحہ ہے، 10 سال پہلے بھی بابر اعظم بال پکر تھے جب جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان آئی تھی، ان کی کہانی حوصلہ افرا ہے’۔

اس کے علاوہ کئی صارفین نے بابر اعظم کے عمل کی تعریف کی اور ان کی پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ماضی کی یاد تازہ کردی۔

پشاور زلمی پہلے ایلیمنیٹرمیں کامیاب، اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل8 سے باہر

بابر اعظم کا 2007 میں 'بال پکر' سے قومی ٹیم کے کپتان تک کا سفر

’پھڈا سپر لیگ‘ شاہین اور پولارڈ میں جملوں کے تبادلے پر ٹوئٹر صارفین کا ردعمل