لائف اسٹائل

بھارتی اداکارہ رینا رائے سے شادی اور طلاق پر افسوس نہیں، محسن خان

رینا رائے نے کیریئر کے عروج پر 1983 میں پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان سے پاکستان آکر خفیہ شادی کی تھی۔

سابق پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان نے پہلی بار بولی وڈ کی ماضی کی مقبول اور خوبرو اداکارہ رینا رائے سے اپنی شادی اور پھر طلاق پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارتی خاتون سے شادی اور طلاق پر کوئی افسوس نہیں۔

رینا رائے نے کیریئر کے عروج پر 1983 میں پاکستانی کرکٹر اور اداکار محسن خان سے پاکستان آکر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خفیہ طور پر شادی کی تھی اور وہ چند سال تک یہیں مقیم رہی تھیں۔

شادی کے بعد رینا رائے نے بولی وڈ کام چھوڑ دیا تھا، تاہم وہ بھارت آتی جاتی رہتی تھیں اور ان کے ہاں 1990 سے قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔

بیٹی کی پیدائش کے چند سال بعد رینا رائے نے پاکستانی طرز زندگی کا سبب بنا کر محسن خان سے طلاق لی اور بعد ازاں انہوں نے اپنی بچی حاصل کرنے کے لیے طویل جدوجہد بھی کی اور پھر وہ اپنی بیٹی کو بھی ساتھ لے جانے میں کامیاب گئیں۔

رینا رائے نے بیٹی کو بھارت لے جانے کے بعد ان کا نام ’جنت‘ سے تبدیل کرکے ’صنم رائے‘ رکھا جو اب وہیں بھارت میں ہی رہتی ہیں۔

محسن خان نے ماضی میں کبھی رینا رائے سے شادی اور طلاق پر کھل کر بات نہیں کی، تاہم حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں اس پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کی شادی ہوئی۔

’جی ٹی وی‘ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے محسن خان نے واضح کیا کہ انہیں اس بات پر کوئی افسوس نہیں کہ انہوں نے ایک بھارتی خاتون سے شادی کی تھی۔

سابق کرکٹر اور اداکار کے مطابق انہوں نے شادی کرتے وقت یہ سوچا ہی نہیں تھا کہ وہ کن سے شادی کر رہے ہیں اور ان کا تعلق کہاں سے ہے؟

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک انسان سے شادی کی تھی جو کہ بہت ہی اچھا انسان تھا، اس لیے انہیں کوئی افسوس نہیں۔

محسن خان نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ انہوں نے خوبصورتی دیکھ کر رینا رائے سے شادی کی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ خوبصورتی پر پھسلنے والے نہیں ہیں۔

سابق کرکٹر اور اداکار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شادی سے پہلے کبھی رینا رائے کی کوئی فلم نہیں دیکھی تھی اور یہ کہ انہیں اس وقت فلمیں دیکھنے کا شوق بھی نہیں تھا۔

ان کے مطابق وہ اس وقت بھی صرف کبھی کبھار امیتابھ بچن کی فلم کی جھلک دیکھ لیا کرتے تھے۔

انہوں نے طلاق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے پہلے ہی یہ طے کرلیا تھا کہ انہیں پاکستان میں ہی رہنا ہے، اس لیے انہوں نے کسی دوسرے ملک جانے کا سوچا ہی نہیں۔

ان کے مطابق اس وقت پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا تھا اور رینا رائے کا بھی یہی خیال تھا کہ ہمیں پاکستان میں ہی رہنا چاہیے۔

محسن خان نے پروگرام میں طلاق کے معاملے پر کھل کر بات نہیں کی اور طلاق ہونے کے اسباب نہیں بتائے۔

ان سے قبل جنوری 2023 میں رینا رائے نے بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ شادی کو بچانے کے لیے محسن خان نے انہیں پاکستان کے بجائے لندن منتقل ہونے کا بھی کہا لیکن ان کا دل نہیں مانا اور ان کی طلاق ہوگئی۔

رینا رائے کا کہنا تھا کہ وہ خود محسن خان کے لائف اینڈ اسٹائل میں ایڈجسٹ نہ ہوسکیں، جس وجہ سے انہیں طلاق لینی پڑی۔

رینا رائے نے اعتراف کیا تھا کہ محسن خان اچھی شخصیت اور بہترین دل کے مالک ہیں، وہ طلاق ہوجانے کے کئی سال بعد بھی اپنی بیٹی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ملالہ کے پاکستانی انداز میں انگریزی بولنے پر تنازع

’پسوڑی‘ فیم شے گِل کا اداکاری کا عندیہ

احد رضا میر کے چھوٹے بھائی کی شوبز انڈسٹری میں انٹری، ڈرامے کا ٹیزر جاری