پاکستان

امریکا-پاکستان مذاکرات میں ماحولیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا

پاکستان اور امریکا نے اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ، طویل مدتی سیلاب سے بحالی کی کوششوں اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکا اور پاکستان توانائی سے متعلق دو روزہ بات چیت کے فوراً بعد (آج) جمعرات سے ماحولیاتی مسائل پر مذاکرات کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ ملک کی خصوصی مندوب برائے حیاتیاتی تنوع اور آبی وسائل، مونیکا میڈینا، دوسری باہمی ملاقات کے لیے رواں ہفتے اسلام آباد اور کراچی جائیں گی۔

گزشتہ روز پاکستان اور امریکا نے اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ، طویل مدتی سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں شراکت داری اور اپنے مجموعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی معاون وزیر خارجہ برائے توانائی کے وسائل جیفری پیاٹ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جیفری پیاٹ پاک-امریکا توانائی کے تحفظ پر ڈائیلاگ کے لیے پاکستان آئے ہوئے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

واشنگٹن میں محکمہ خارجہ نے کہا کہ 15 سے 17 مارچ تک پاکستان میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران مونیکا میڈینا امریکا-پاکستان کلائمیٹ اینڈ انوائرنمنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔

وہ آب و ہوا اور ماحولیاتی مسائل پر خطاب کریں گی جن میں کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر، آبی انتظام ہوا کا معیار، تحفظ اور پلاسٹک کی آلودگی شامل ہیں۔

ماہرین ماحولیاتی مسائل بالخصوص گلوبل وارمنگ کو گزشتہ موسم گرما میں آنے والے سیلاب کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں جس نے پاکستانی معیشت کو مفلوج کر دیا ہے۔

پاکستان میں موجود مونیکا میڈینا حکومتی ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گی۔

بات چیت میں حیاتیاتی تنوع کے بحران سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے، سیلاب جیسے موسمیاتی بحران کے اثرات کے لیے لچک پیدا کرنے، اس شعبے میں خواتین کو آگے بڑھانے، صاف توانائی کے اہداف کو فروغ دینے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

پناہ کے متلاشی 2 ہزار افغان شہری متحدہ عرب امارات کی ’حراست‘ میں ہیں، ہیومن رائٹس واچ

سیاستدانوں میں انتشار برقرار رہا تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا، اعتزاز احسن

پاکستان کا اقوام عالم سے اسلاموفوبیا کےخلاف متحد ہونے کا مطالبہ