حیرت انگیز

برطانوی کمپنی نے خانہ کعبہ کے نقش سے مزین سونے کے بسکٹ جاری کردیے

برطانیہ کی قدیم ترین سکے بنانے والی کمپنی نے برطانوی مسلمانوں کے لیے سونے کے بار جاری کیے

برطانیہ کی قدیم ترین سکے بنانے والی کمپنی نے برطانوی مسلمانوں کے لیے اسلام کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے نقش والے گولڈ بار (سونے کے بسکٹ) جاری کر دیے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کمپنی نے ویلز کی مسلم کونسل سے مشاورت کے بعد 20 گرام سونے کے بار بنائے ہیں۔

سونے کے ایک بار کی قیمت ایک ہزار 156 برطانوی پاؤنڈ یا تقریباً 4 لاکھ پاکستانی روپے مقرر کی گئی ہے۔

مسلم کونسل کے عبدالعظیم احمد نے بتایا کہ خانہ کعبہ کے نقش والے گولڈ بار متعارف کرانے کے لیے برطانوی کمپنی کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگا۔

انہوں نے کہا کہ گولڈ بار کا یہ ڈیزائن مسلم کمیونٹی میں بے حد مقبول ہوگا، یہ ایک دلچسپ اقدام ہے اور مجھے امید ہے کہ دنیا بھر کے لوگ اس گولڈ بار سے لطف اندوز ہوں گے۔

سونے کے بار متعارف کرانے کے موقع پر برطانوی کمپنی نے برطانیہ بھر میں تین تقریبات میں شرکت کی، جس کی میزبانی اسلامک ریلیف نے کی۔

ان تقریبات میں گولڈ بار کو نیلامی کے لیے پیش کیے گئے، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے خرچ کی جائے گی۔

رائل منٹ میں قیمتی دھاتوں کے ڈائریکٹر اینڈریو ڈکی نے کہا کہ خوشی ہے کہ پہلی بار مقدس مقام خانہ کعبہ کے نقش والے 20 گرام سونے کے بار پیش کیے گئے ، ان سکوں کو بنانے کی 1100 سالہ تاریخ کے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمارے کاریگروں نے تمام مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کی خوبصورت خاکے والے گولڈ بار تیار کیے ہیں۔