پاکستان

مسلم لیگ (ن) صوبائی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، مریم نواز

اگر پیمانہ متوازن نہ ہوا تو اس مشق کو محض سیلیکشن تصور کیا جائے گا، رہنما مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پارٹی آئندہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور اسے جیتے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر پیمانہ متوازن نہ ہوا تو اس مشق کو محض سیلیکشن تصور کیا جائے گا۔

وہ فیصل آباد کے دورہ کے دوسرے روز ڈویژن کے چاروں اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، طلال چوہدری، عابد شیر علی اور صوبائی ترجمان عظمیٰ بخاری کے علاوہ دیگر ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔

مریم نے جمعہ کے کنونشن کو کامیاب بنانے پر کارکنوں اور عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا جذبہ متاثر کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سوشل میڈیا کو منفی سوچ کو فروغ دینے کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے رضاکاروں کو پارٹی پروگرام کو مثبت انداز میں پھیلا کر ایسی ذہنیت کو ختم کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے پنجاب میں صوبائی انتخابات کے لیے صدر مملکت کو تاریخیں تجویز کی تھیں۔

الیکشن کمیشن کی تجاویز پر صدر مملکت نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی تاریخ کے لیے گورنر اور الیکشن کمیشن کے مابین مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔