پاکستان

سعودی شہزادے نے پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے ’ٹیک ہاؤس‘ کا افتتاح کر دیا

منصوبے کا مقصد آئندہ 5 برسوں میں آئی ٹی سیکٹر میں ایک ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

سعودی عرب کے شہزادہ فہد بن منصور السعود نے باضابطہ طور پر پاکستان میں سعودی عرب-پاکستان ٹیک ہاؤس (ایس پی ٹی ایچ) کا افتتاح کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس ٹیک ہاؤس کا مقصد آئندہ 5 برسوں میں آئی ٹی سیکٹر میں 10 کروڑ ڈالر مالیت کے مجموعی پروجیکٹ سے ایک ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

گزشتہ روز جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ کاروبار کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانا ہے۔

اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے ایس پی ٹی ایچ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی مہمان خصوصی تھے۔

شہزادہ فہد بن منصور السعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں اتنے بڑے آئی ٹی انفرااسٹرکچر، ٹیلنٹ اور اسٹارٹ اَپس کے ساتھ سعودی عرب اور پاکستانی نجی شعبے باہمی شراکت داری قائم کر سکتے ہیں جو آئی ٹی کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیک ہاؤس کا صدر دفتر سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوگا اور اس کی پہلی شاخ لاہور میں قائم ہوگی، یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کے نویں جائزے میں میری توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، وزیر خزانہ

نامور بھارتی اداکار و ہدایت کار ستیش کوشک انتقال کرگئے

سیلاب متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری رہے گا، اقوامِ متحدہ کی یقین دہانی