کھیل

اعظم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت یونائیٹڈ کامیاب، کراچی کنگز پلے آف کی دوڑ سے باہر

عماد وسیم کی 92 رنز کی اننگز کی بدولت کراچی کنگز نے پانچ وکٹوں پر 201 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ان کی پلے آف تک رسائی کی تمام تر امیدوں کو ختم کر دیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 19ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز کی ٹیم کو ابتدا میں ہی شرجیل خان کی شکل میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا لیکن اس کے بعد طیب طاہر اور ایڈم روسنگٹن نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو پانچ اوورز سے قبل ہی 49 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی لیکن اس مرحلے پر ٹام کرن نے نوجوان طیب کی 19رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

روسنگٹن وکٹ پر سیٹ نظر آ رہے تھے لیکن ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔

شعیب ملک مشکل وقت میں ایک بار پھر ٹیم کے کام نہ آئے اور فہیم اشرف نے انہیں بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد کراچی کنگز ہمشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار تھی لیکن پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی لاج رکھنے والے عماد وسیم نے ایک مرتبہ پھر ٹیم میں ناؤ پار لگانے کا بیڑا اٹھایا۔

کپتان نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور عرفان نیوزی کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 99 رنز کی ساجھے داری بنائی جس میں عرفان کا حصہ صرف 30رنز کا تھا۔

عماد نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کولن منرو نے پہلے ہی اوور میں محمد عامر کو چوکا اور چھکا جڑا اور پھر اسی اوور میں انہیں وکٹ دے کر چلتے بنے۔

اس کے بعد ایلکس ہیلز کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے 10 کے رن ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 50رنز کی شراکت قائم کی لیکن یونائیٹڈ کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 34 رنز بنانے والے ہیلز کے بعد جنوبی افریقہ کے ڈوسن بھی پویلین لوٹ گئے۔

69 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد یونائیٹڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی اور اس مرحلے پر اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجے گئے فہیم اشرف کا ساتھ دینے اعظم خان آئے۔

پچھلے دنوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرنے والے اعظم آج پھر اسی موڈ میں نظر آئے اور مشکل وقت میں اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے کراچی کنگز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

جارح مزاج بلے باز نے تقریباً 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی اور فہیم اشرف کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 123 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

فہیم اشرف نے 32 گیندوں پر دو چھکوں اور چوکے کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ہدف تک رسائی سے چند رنز کی دوری پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

آخری اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے لیکن نئے بلے باز آصف علی چھکا اور چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

اعظم خان نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، عامر یامین اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اعظم خان کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز : عماد وسیم (کپتان)، ایڈم روسنگٹن، میتھیو ویڈ، شرجیل خان، طیب طاہر، شعیب ملک، عرفان خان، اینڈریو ٹائے، عامر یامین، محمد عامر، تبریز شمسی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، ایلکس ہیلز، راسی وین ڈرڈوسن، اعظم خان (کپتان)، آصف علی، مبشر خان، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، رومان رئیس۔