پاکستان

اسلام آباد: ایک ہفتے کے دوران دوسرا حادثہ، زیر تعمیر پُل کے گارڈرز گر گئے

25 فروری کو بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کے اسی زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے تھے۔
|

اسلام آباد کے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے پر ایک ہفتے کے دوران دوسرے بڑے حادثے میں زیر تعمیر پل کے گارڈرز گر گئے۔

تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اس سے قبل 25 فروری کو اسی زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

کیپٹیل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

پل کے گارڈرز گرنے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل اور امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔

اس کے علاوہ جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی اور زیر تعمیر پُل کے اطراف کو عوام اور ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

سی ڈی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 گارڈرز دو روز قبل رکھے گئے، آخری گارڈر رکھنے کے دوران گر گیا۔

دوسری جانب چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حادثہ کرین سلپ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، منصوبے کی تکمیل کے لیے کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جارہی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ زیر تعمیر پل کے پلرز پر رکھے گارڈرز ایک کے بعد ایک دوسرے سے ٹکراتے ہوئے بالآخر زمین پر آگرے، جس کی زد میں آنے سے ایک شہری بال بال بچا۔

اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ گارڈرز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس اور دیگر ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں جبکہ ہلکی ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکار بھی موجود ہیں۔

بعد ازاں ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ بہارہ کہو تعمیراتی کام پر حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔

اسلام آباد پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، پولیس اور ٹریفک اہلکار ہر طرح کی مدد کے لیے جائے وقوع پر موجود رہیں گے۔

خیال رہے کہ 25 فروری کو اسی پل کی شٹرنگ گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے تھے۔

اس وقت ڈان سے بات کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کے حکام نے کہا تھا کہ ان کے لیے واقعے کی وجہ بتانا مشکل ہوگا کیونکہ اس کے لیے کچھ تکنیکی مہارت درکار ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی تھی۔

تاہم چیئرمین سی ڈی اے نے دعویٰ کیا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ صبح سویرے دو سے تین ہیوی ٹرالر پل کے پاس سے گزر رہے تھے جن میں سے ایک زیر تعمیر فلائی اوور سے ٹکرا گیا تھا۔

ڈراموں کو دیکھ کر ہی ہمارے ہیرو بیویوں کی پٹائی کر رہے ہیں، یاسر حسین

کراچی: بن قاسم ٹاؤن میں کم سن بچی کا ریپ کے بعد قتل، 2 مشتبہ افراد گرفتار

خیبرپختونخوا انتخابات: پشاور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست نمٹادی