پاکستان

کراچی: ’ٹارگٹ کلنگ‘ میں ماہرِ تعلیم سید خالد رضا جاں بحق

مقتول کراچی ریجن میں دارِ ارقم اسکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر تھے اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین بھی رہے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ماہر تعلیم اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے سینیئر عہدیدار سید خالد رضا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعہ کو ’ٹارگٹڈ حملہ‘ قرار دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 55 سالہ سید خالد رضا کراچی ریجن میں دارِ ارقم اسکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر تھے، وہ فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین بھی رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 7 میں ان کے گھر کے قریب پیش آیا، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ سید خالد رضا گھر سے باہر کھڑی اپنی گاڑی کی جانب آئے، اچانک موٹرسائیکل سوار حملہ آور وہاں نمودار ہوئے اور ان پر فائرنگ کرکے وہاں سے فرار ہو گئے۔

مقتول کو سر میں ایک گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ حملہ آور ان کے ہی انتظار میں تھے، ایس ایس پی نے کہا کہ ’یقینی طور پر یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے‘۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماہر تعلیم کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سربراہ کراچی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کیس کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔

پی ایس ایل8 کے لاہور اور راولپنڈی کے میچز شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے، نجم سیٹھی

اُشنا شاہ رشتہ ازدواج میں منسلک، شادی کے جوڑے پر تنقید کرنیوالوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اٹلی: کشتی حادثے میں پاکستانی تارکین وطن سمیت 59 افراد ہلاک