پاک-امریکا سرمایہ کاری فریم ورک کا اجلاس، دونوں ممالک کی مارکیٹ تک رسائی پر زور
امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک (ٹیفا) کے تحت اجلاس میں دونوں ممالک نے مارکیٹ تک رسائی پر زور دیا ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک (ٹیفا) کا 9 واں اجلاس آج اختتام ہوا، جس کی صدارت امریکا کی تجارتی نمائندہ کیتھرین تائی اور پاکستان کے وزیر تجارت سید نوید قمر نے کی۔
دونوں ممالک کے عہدیداروں نے تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل اور خدشات بشمول زراعت، ڈیجیٹل تجارت، املاک دانش کا تحفظ اور نفاذ، مزدوروں کے حقوق، اچھے ریگولیٹری طریقوں اور خواتین کی معاشی طور پر بااختیاری پر گفتگو کی۔
دونوں ممالک کے حکام نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات مزید گہرے کرنے اور دونوں ممالک کے محنت کش لوگوں کی خوش حالی آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔
دونوں ممالک کے عہدیداروں نے اقتصادی تعلقات میں زرعی اور ڈیجیٹل تجارت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، وزرا نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ٹیفا کونسل کے اگلے اجلاس سے قبل ان شعبوں میں مصروفیت تیز کریں۔
امریکا نے پاکستان کی جانب سے کارکنوں کے حقوق اور تحفظات کو بہتر بنانے اور دانش ورانہ املاک کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے ایک مؤثر آئی پی نظام کی اہمیت کی توثیق کی، اعلیٰ لیبر معیارات حاصل کرنے اور اچھے ریگولیٹری طریقوں کی پیروی کی۔
امریکا نے گائے کے گوشت کے لیے مارکیٹ تک رسائی پر تکنیکی کام کے اہم نتیجے کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے حکام نے اعادہ کیا کہ اس انتظام کو عملی شکل دینے کے کام کو تیز کیا جائے گا۔
حکام نے مارکیٹ تک رسائی اور اضافی زرعی مصنوعات کے لیے رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے اپنے ارادے کا اظہار کیا۔
پاکستان نے اپنے آم اور تازہ کھجور کے لیے منڈی تک رسائی پر جاری مصروفیت کا خیرمقدم کیا اور امریکا سے کہا کہ وہ موجودہ کام مکمل ہونے کے بعد زرعی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک رسائی کی اضافی درخواستوں کا جائزہ لے۔
وزرا نے ایک علیحدہ مشترکہ بیان جاری کیا جس میں خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی صنعت کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر مفاہمت کی یادداشت کے تحت پیش رفت اور وعدوں کی عکاسی کی گئی۔
اس تعاون سے پاکستان کی طویل مدتی اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار کو سپلائی کرنے والے تنوع اور جامع ویلیو چینز، رہنمائی اور ہم مرتبہ سیکھنے اور عالمی منڈی تک مساوی اور جامع رسائی کی حمایت کے ذریعے بلند کرنے کی کوشش ہوگی۔
خیال رہے کہ قبل ازیں 21 فروری کو وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا تھا کہ پاکستان امریکی تجارتی حکام سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پیش رفت کا خواہاں ہے۔
وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا تھا کہ سات برسوں میں بین الحکومتی تجارت اور سرمایہ کاری حکام کے پہلے وزارتی سطح پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پیش رفت کا خواہاں ہے۔