پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
زلمی کے نیشام نے گزشہ میچ میں گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سنچری بنانے والے ہم وطن مارٹن گپٹل کو 28 رنز پر آؤٹ کیا۔
گپٹل نے 16 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر متبادل فیلڈر عامر جمال کا کیچ بنے۔
جیسن روئے بھی ناکام ہوئے اور 23 گیندوں پر 14 رنز بنا کر عثمان قادر کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
عثمان قادر نے 37 کے مجموعے پر محمد نواز کی وکٹ حاصل کرکے گلیڈی ایٹرز کو ایک اور نقصان پہنچایا، نواز نے صرف 2 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز اور افتخار احمد نے ایک اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرکے بہتر پوزیشن دلائی۔
سرفراز احمد نے 30 گیندوں کا سامنا کرکے 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے اور ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
افتخار احمد نے دوسرے اینڈ سے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور اوڈین اسمتھ کے ساتھ ٹیم کا اسکور 150 سے آگے پہنچایا اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 154 رنز بنائے۔
افتخار احمد 50 اور اوڈین اسمتھ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں، جیمز نیشام اور ارشد اقبال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان بلے باز محمد حارث نے جارحانہ آغاز کیا لیکن ان کی اننگز 9 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 18 رنز تک محدود رہی۔
حارث کو محمد حسنین نے 29 کے مجموعی اسکور پر جیسن روئے کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
حسنین نے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر پشاور زلمی کو ایک اور دھچکا دیا جب صائم ایوب صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ٹام کوہلر بھی صرف 9 رنز کا اضافہ کر پائے اور 47 کے اسکور پر زلمی کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابراعظم نے 18 گیندوں کا سامنا کرکے 3 چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر 67 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
زلمی جب مشکلات کا شکار تھی تو رومین پاول اور جیمز نیشام نے اچھی شراکت قائم کی اور اسکور 113 رنز تک پہنچایا۔
رومین پاول 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے لیے انہوں نے 23 گیندوں کا سامنا کرکے 3 چوکے اور 2 چھکے رسید کیے۔
نیشام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کو جیت کی پوزیشن پر لاکھڑا کیا، تاہم وہ بھی 15 ویں اوور میں 134 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر 23 گیندوں پر 4 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر قیس احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
داسن شناکا اور وہاب ریاض نے کریز سنبھالی اور ٹیم کو 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 157 رنز بنا کر فتح دلائی۔
پشاور زلمی نے 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں پر 157 رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کی جو اب تک کھیلے گئے 3 میچوں میں اس کی دوسری کامیابی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔