لائف اسٹائل

اداکارہ انعم فیاض نے دین اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دی

انعم فیاض نے 2010 کے بعد ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی انہوں نے اداکاری میں قدم رکھا تھا۔

ماضی کی مقبول ماڈل و اداکارہ انعم فیاض نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کردیا۔

انعم فیاض نے 2010 کے بعد ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی انہوں نے اداکاری میں قدم رکھا تھا۔

انعم فیاض نے 2011 میں ’احمد حبیب کی بیٹیاں‘ نامی ڈرامے سے اداکاری کا آغاز کیا اور مذکورہ ڈرامے میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔

پہلے ہی ڈرامے میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جانے والی انعم فیاض نے ’زرد موسم، مرجائیں بھی تو کیا، میں ہاری پیا، ساری بھول ہماری تھی، میری ماں، رخصتی، گھر ایک جنت، عشق عبادت، یہ چاہتیں، یہ شدتیں، فالتو لڑکی، تشنگی دل کی، تم سےہی تعلق ہے، اے محبت اور بے قدر‘ سمیت دیگر ڈراموں میں شاندار کردار ادا کیے۔

انعم فیاض نے متعدد ٹیلی فلموں میں بھی کام کیا جب کہ وہ چند ایک فلموں میں بھی مختصر کرداروں میں دکھائی دیں۔

اداکارہ نے کیریئر کے عروج پر 2016 میں اسد انور سے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ میں شادی کی تھی، جس کے بعد اگرچہ وہ ڈراموں میں دکھائی دیں مگر انہوں نے نمایاں طور پر کام کم کردیا تھا۔

شادی کے کچھ ہی عرصے بعد اداکارہ نے بچے کو جنم دیا، جس کے بعد انہوں نے شوبز میں کام کم کردیا تھا۔

اب انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مستقل بنیادوں پر شوبز کو چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کردیا۔

انعم فیاض نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ وہ دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں، تاہم وہ مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی مصروفیات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتی رہیں گی۔

انہوں نے شوبز کیریئر میں سپورٹ کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ لوگ ان کے شوبز چھوڑنے کے فیصلے کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے اور اب بھی ان کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔

انعم فیاض نے تصدیق کی کہ وہ اگرچہ اب وہ مزید شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں رہیں گی، تاہم وہ سوشل میڈیا پر مذہبی تعلیمات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتی رہیں گی۔

انعم فیاض کی جانب سے دین اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کے فیصلے پر کئی مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

لمس یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے’بولی وڈ ڈے’ منانے پر تنازع

اسلام آباد: نجی یونیورسٹی میں طلبہ سے نامناسب سوال پوچھنے کا معاملہ، لیکچرار برطرف

پی ایس ایل 8: دلچسپ و ہنگامہ خیز مقابلوں سے بھرپور ہفتہ