پاکستان

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کو ایف آئی اے نے طلب کر لیا

ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں سابق وزیر کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزام میں 21 فروری کو پیش ہونے کا کہا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے طلب کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس طلبی کے بعد فرخ حبیب پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں میں شامل ہوگئے ہیں جنہیں ایف آئی اے نے طلب کیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیر کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزام میں 21 فروری کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ایف آئی اے فیصل آباد سرکل میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

فرخ حبیب پر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے ریکٹر کے ساتھ ملی بھگت کرکے اختیارات کے ناجائز، غلط استعمال اور بدعنوانی کا الزام ہے۔

نوٹس پر عدم تعمیل کی صورت میں سابق وزیر پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 175 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب فرخ حبیب نے نوٹس کو ’بوگس‘ اور ’ انتقامی کارروائی’ قرار دیا ہے۔

فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پہلے توہین عدالت کرکے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے سے روکنے پر مجھ پر ڈکیتی کا پرچہ درج کیا اور اب ایف آئی اے کی جانب سے من گھڑت انکوائری کا نوٹس مل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، رانا ثنااللہ کو جتنی انتقامی کاروائیاں کرنی ہے، کرلیں، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کھڑے ہیں اور حق سچ کی آواز بلند کرتے رہے گے۔

معروف بھارتی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ’ہیرامنڈی‘ کی پہلی جھلک جاری

پی ایس ایل 8: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا محمد عامر کے ’جارحانہ رویے‘ کا دفاع

بلغاریہ: 18 افغان مہاجرین کی ہلاکت کے الزام میں 7 افراد گرفتار