کھیل

پی ایس ایل 8: انجرڈ شاہنواز دھانی کی جگہ ملتان سلطانز میں کون شامل ہوا؟

فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی اپنے باؤلنگ کرانے والے ہاتھ کی شہادت کی انگلی میں فریکچر ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن 8 سے باہر ہوگئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد الیاس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

گزشتہ روز فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی اپنے باؤلنگ کرانے والے ہاتھ کی شہادت کی انگلی میں فریکچر ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن 8 سے باہر ہو گئے تھے۔

ملتان سلطانز کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شاہنواز دھانی کی جگہ محمد الیاس کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔

محمد الیاس پہلے ہی پی ایس ایل 5 میں کھیل چکے ہیں، 24 سالہ فاسٹ باؤلر نے 51 ٹی ٹوئنٹی میچز میں میں 58 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ملتان سلطانز کا اگلا میچ پشاور زلمی کے خلاف 17 فروری (کل) کو ہوگا۔

پی ایس ایل 2023 کے ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے 5،5 میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔

پاکستان سپر لیگ 2023 کا فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل جیتنے والی ٹیم کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

فائنل تک رسائی کرنے والی دوسری ٹیم کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔