پی ایس ایل 8: لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز پر میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد ہوگیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف سلو اوور ریٹ پر پشاور زلمی کو جرمانہ عائد ہوا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ میچ ریفری علی نقوی نے پشاور زلمی پر مقررہ ٹائم فریم سے ایک اوور کم ہونے کی وجہ سے سلو اوور ریٹ پر جرمانہ کیا۔
اس کے علاوہ لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر بھی پی ایس ایل کے ابتدائی میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف ٹائم فریم سے ایک اوور کم ہونے کی وجہ سے میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے کیونکہ دونوں فاتح ٹیموں نے ایک اوور مقرر وقت ختم ہونے کے بعد کرایا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی جب کہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے ہرایا تھا۔