لائف اسٹائل

عمران عباس بھارتی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے

اداکار بھارتی پنجابی فلم ’جی وی سوہنیا جی‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے جو 6 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔

پاکستانی اداکار عمران عباس بھارتی پنجابی فلم ’جی وی سوہنیا جی‘ میں ڈیبیو کریں گے۔

عمران عباس اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے، اداکار نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو ممالک، بھارت اور پاکستان کے درمیان بہت سنجیدہ اور رومانوی کہانی پر مبنی فلم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ یورپ، لندن اور بھارت میں ہوگی، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کا صوبہ پنجاب اور بھارت کا پنجاب آپس میں بہت قریب ہیں، اس لیے بھارتی پنجابیوں سے قریبی تعلقات رکھنے کے لیے یہ فلم ایک بہترین کوشش ہے۔

عمران عباس کا کہنا تھا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے دیگر اداکار بھی اس سے پہلے فلموں میں کام کر رہے تھے لیکن آج کل کے حالات میں کسی پاکستانی کے لیے ایسی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔

اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فلم کا ایک ڈائیلاگ لکھتے ہوئے کہا کہ ’فلم کالی جوتا کی کامیابی کے بعد پہلی یو ایس انڈو پنجابی فلم کا اعلان کرنے کے لیے بہت پُرجوش ہوں، یہ فلم 6 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔‘

انہوں نے ڈان امیجز کو بتایا کہ یہ ان کی پہلی پنجابی فلم ہوگی۔

اداکار نے فلم کی کہانی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کی کہانی رومانوی ہے جو ایک بہت مضبوط پیغام پیش کرتی ہے، اس فلم میں ہر کسی نے بہت محنت کی ہے، یہ بہت بڑی پروڈکشن ہے، اس لیے دعا کریں‘۔

عمران عباس نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ اب بھی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمی چاہل کے ساتھ مرکزی کردارنبھاؤں گا، سمی چاہل اس سے پہلے بھی بہترین فلمیں کر چکی ہیں اور وہ خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ہیں، انہیں کئی ایوارڈز مل چکے ہیں اور وہ کسی بھی کردار کو بھرپور انداز سے نبھانے میں ماہر ہیں۔

عمران عباس نے بتایا کہ فلم کے لیے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نے ان سے براہ راست رابطہ کیا تھا، یہ فلم سرحد پار لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

یاد رہے کہ پاکستانی فنکار عمران عباس کو پڑوسی ملک بھارت میں بھی بےحد پسند کیا جاتا ہے اور وہاں ان کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

سعودی عرب پہلی بار فیفا کلب ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی کرے گا

بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے بولی وڈ اداکارہ سے دوبارہ شادی کرلی

شاہ چارلس کی اہلیہ کیملا تاج پوشی کے دوران متنازع کوہِ نور تاج نہیں پہنیں گی