لائف اسٹائل

اب بچے پیدا کرنے کی خواہش نہیں رہی، صنم سعید

صنم سعید گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی شادی اور تعلقات کی وجہ سے خبروں میں ہیں، گزشتہ ڈھائی سال سے ان کی شادی کی چہ مگوئیاں ہیں۔

ماڈل، گلوکارہ و اداکارہ صنم سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بچے پیدا کرنے کی خواہش رہی تھی لیکن اب وہ بچے کو جنم نہیں دینا چاہتیں، البتہ وہ کسی بے سہارا بچے کو ضرور گود لیں گی۔

صنم سعید گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی شادی اور تعلقات کی وجہ سے خبروں میں ہیں، گزشتہ ڈھائی سال سے ان کی شادی کی چہ مگوئیاں ہیں۔

سال نو کے موقع پر صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں ایک بار اس وقت زوروں پر رہیں جب دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں اور دونوں نے انٹرویوز میں اپنے تعلقات سے متعلق مبہم باتیں کیں۔

اگرچہ صنم سعید اور محب مرزا نے ایک دوسرے سے شادی کا واضح اعتراف نہیں کیا، تاہم دونوں نے ایسی خبروں کو مسترد بھی نہیں کیا اور حال ہی میں صنم سعید نے ایک بار پھر اپنی شادی سے متعلق مبہم باتیں کیں۔

صنم سعید حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شادی، تعلقات اور بچوں سمیت زندگی کے دوسرے معاملات پر باتیں کیں۔

اداکارہ نے شکوہ کیا کہ لوگ ہر وقت دوسرے افراد کی ذاتی زندگی سے متعلق چہ مگوئیاں کرتے رہتے ہیں جو کہ اچھی بات نہیں۔

ان کے مطابق جب ان کی والدہ بیمار ہوئی تب بھی لوگوں نے چہ مگوئیاں کیں جب کہ ان کی طلاق اور رشتے ٹوٹنے سے متعلق بھی لوگ باتیں کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس معلومات کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو کہ ان کے لیے فائدہ مند ہو، کسی کی شادی، طلاق اور دوسری شادی سے متعلق افواہیں یا چہ مگوئیاں کرتے رہنا کوئی اچھی بات نہیں۔

صنم سعید کے مطابق لوگ ان کی طلاق کے بعد ان کی دوسری شادی سے متعلق بھی چہ مگوئیاں کرتے رہتے ہیں۔

پروگرام کے دوران بچوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صنم سعید نے کہا کہ ماضی میں انہیں بچے پیدا کرنے کی خواہش تھی مگر اب وہ بچے پیدا نہیں کرنا چاہتیں۔

صنم سعید نے بتایا کہ وہ کسی نئے انسان کو دنیا میں لانے کے بجائے کسی بے سہارا بچے کو گود لیں گی اور یہ سب سے اچھا عمل ہے۔

صنم سعید سے شادی کے سوال پر محب مرزا کا مبہم جواب

صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں

صنم سعید اور محب مرزا کی تصاویر وائرل، شادی کی افواہیں