کھیل

پی ایس ایل 8: عماد وسیم کو کراچی کنگز سے جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی امید

ہم پہلے پچ کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد سوچیں گے کہ کس طرح کھیلنا ہے، کپتان کراچی کنگز

آئندہ ورلڈ کپ کے لیے عماد وسیم کی قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کی افواہوں کے ساتھ کراچی کنگز کے کپتان نے اپنی تمام تر توجہ پاکستان سپر لیگ پر مرکوز کردی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں کراچی کنگز اپنے سفر کا آغاز نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کھیل کر کرے گی۔

پاکستان کے تمام فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم کے پشاور زلمی میں چلے جانے کے بعد ٹیم کراچی کنگز عماد وسیم کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔

عماد کو لگتا ہے کہ پہلا میچ زیادہ سنسنی خیز نہیں ہوگا کیوں کہ بابر دوسری ٹیم میں ہیں اور وہ ’آج میں جی رہے ہیں‘۔

ڈان کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ’اس وقت مجھے ورلڈ کپ کی فکر نہیں ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس وقت میں کراچی کنگز کی کپتانی کر رہا ہوں، میرا مقصد اچھی کرکٹ کھیلنا ہے اور میری تمام تر توجہ پی ایس ایل پر ہے۔

بابر کو مخالف ٹیم میں کھیلتے دیکھنے سے متعلق سوال پر عماد نے کہا کہ ’پی ایس ایل میں ہر گیم پرجوش ہوتا ہے، ہم جانتے ہیں وہ ہمارے لیے سخت ثابت ہوں گے لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں‘۔

خیال رہے کراچی کنگز نے 2020 میں پی ایس ایل جیتا تھا لیک گزشتہ ایڈیشن میں اس کا سفر تباہ کن رہا اور پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگئی تھی۔

تاہم عماد وسیم چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم جارحانہ کرکٹ کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ جارحانہ اور مثبت کرکٹ کھیلنے پر یقین رکھتا ہوں، ہم پہلے پچ کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد سوچیں گے کہ کس طرح کھیلنا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جس طرح کا کھیل ہے، اگر آپ مڈل اوورز یا پاور پلے میں وکٹیں نہیں لیں گے تو مخالف ٹیم کو راستہ مل جائے گا لیکن ہم اس کام کے لیے ایک اسپنر یا کوئیک بولر کو استعمال کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ کراچی کی کنڈیشن بلے بازوں کے لیے موافق ہے اس لیے ہم وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔

محمد عامر کراچی کنگز کے مرکزی باؤلنگ ہتھیار رہیں گے لیکن عماد وسیم اپنی ٹیم کے کامیابی کے لیے جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عمران طاہر نے پی ایس ایل میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ اس سیزن میں حیدر علی بھی آپ کو نمایاں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ حیدر پر بھروسہ کیا ہے، اصل چیز یہ ہے کہ انہیں پلیئنگ آرڈر میں اوپر رکھا جائے تاکہ وہ اسکور کرسکیں، میں نے اسے قریب سے دیکھا ہے اور میرا ماننا ہے کہ یہ سیزن اس کے نام ہوگا‘۔

ایف-9 پارک میں لگے کیمرے سیف سٹی اتھارٹی کے ڈیٹابیس سے منسلک

چیف جسٹس کے ریمارکس پر اٹارنی جنرل کی وضاحت، سینیٹ میں احتجاج

’عوام غیر لائسنس یافتہ ڈیجیٹل قرضہ ایپلی کیشنز سے ہوشیار رہیں‘