کراچی: جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ سے خاتون کے لاپتا ہونے کا مقدمہ درج
کراچی میں جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ سے خاتون مریضہ کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کا مقدمہ صدر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
صدر پولیس نے مقدمہ مبینہ طور پر لاپتا خاتون کے شوہر وسیم کی مدعیت میں دفعہ 496 اے کے تحت درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر میں وسیم نے کہا کہ کل میں اپنی بہن کے ہمراہ اپنی بیوی کو ڈلیوری کے لیے جناح ہسپتال لے کر آیا تھا، گائنی وارڈ میں چیک اپ کروانے کے بعد ہم نے کھانا کھایا اور پھر اسے دوبارہ گائنی وارڈ بھیج دیا، ہم نے 4 بجے تک انتظار کیا لیکن وہ واپس نہیں آئی، میں نے تلاش اور معلومات کی لیکن وہ اب تک نہیں ملی۔
لاپتا خاتون کے شوہر نے ایف آئی آر میں دعویٰ کیا کہ کوئی شخص میری بیوی کو بہلا بھسلا کر اغوا کرکے لے گیا ہے۔
ایف آئی آر میں استدعا کی گئی کہ نامعلوم شخص/اشخاص کے خلاف خاتون کو مبینہ طورپر اغوا کرکے لے جانے پر کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ سے خاتون پراسرار طور پر لاپتا ہوگئی تھیں جو اپنے شوہر اور نند کے ہمراہ زچگی کے لیے ہسپتال آئی تھیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق خاتون اپنے خاوند اور بہن کی موجودگی میں ڈاکٹر کے پاس معائنہ کروانے کے لیے اندر گئی تھیں تاہم کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود وہ باہر نہ آئیں۔
گمشدہ حاملہ خاتون کے پریشان حال خاوند اور عزیز و اقارب 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود ہسپتال میں ادھر ادھر چکر لگاتے رہے، خاتون کی ساس نے آبدیدہ ہوکر وزیر اعلیٰ سندھ سے مدد کی اپیل کردی۔
قبل ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کا ہسپتال کے رجسٹر میں کوئی اندراج موجود نہیں ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مذکورہ خاتون کے نام کی کوئی فائل جمع نہیں ہوئی، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں بھی کچھ واضح نہیں ہو رہا۔
بعدزاں کئی خراب کیمروں میں سے ایک کی فوٹیج پولیس کو مل گئی جس میں گمشدہ ہونے والی خاتون کو گائنی وارڈ میں داخل ہوتے دیکھا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے متعلقہ افراد سے تفتیش شروع کردی ہے۔