ملتان:الیکشن کمیشن دفتر پر پتھراؤ، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سمیت 25 کارکنان گرفتار
ملتان پولیس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر پر پتھراؤ اور جھگڑے کی شکایت پر سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کے 25 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
ملتان پولیس کے ترجمان فیاض احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان تنازع کے بعد پولیس نے تحریک انصاف کے 15 کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایس ایس پی گلگشت قاضی علی رضا نے تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر کو ڈیرے سے گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور الیکشن کمیش کی درخواست پر کارروائی کی جارہی ہے۔
ادھر ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ہدیٰ علی گوہر کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر کے نوٹس پر سی پی او ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے دفتر میں جھگڑا کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملتان میں ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں جھگڑے پر صوبائی الیکشن کمشنر نے سی پی او کو سخت کاروائی کی ہدایت دی تھی، ملزمان کو گرفتار کر کے رپورٹ فوری جمع کروانے کی ہدایات دی گئی ہے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق سی پی او ملتان نے واقع میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایف آئی آر کے بعد مزید گرفتاریاں جاری ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کو ان کے ڈیرے سے حراست میں لیا گیا جبکہ ڈسرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر میاں جاوید قریشی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
سابق رکن قومی اسمبلی کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیرہ ادا چوک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
تحریک انصاف کا ردعمل
ملک عامر ڈوگر کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شدید ردعمل دیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے تحریک انصاف کے سابقہ چیف وہییپ عامر ڈوگر کی گرفتاری بڑھتی ہوئی فسطائیت کی ایک اور تازہ مثال ہے. جمہوریت کا جنازہ نکل رہا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے بھی عامر ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی تحریک انصاف کے سابق ایم این اے کی گرفتاری پر سخت ردِعمل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عامر ڈوگر کی گرفتاری فسطائی حکومت کی لاٹھی گولی کی سرکار پالیسی کا شاخسانہ ہے، منشی جی نے پھر پی ڈی ایم کے کہنے پر عامر ڈوگر جیسے فعال رہنما پر ایف آئی آر کردی، محسن نقوی، شہباز شریف کو حمزہ سے بڑہ کر وفاداری دکھانا چاہتا ہے اس گرفتاری کی شدید مزمت کرتے ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ امپورٹڈ بے شرم حکومت نے تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی عامر ڈوگر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے۔ ڈاکووں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔