پاکستان

نیب ترامیم کیس کے ذریعے قانون پر ’ریڈلائن‘ مقرر کی جائے گی، چیف جسٹس

قانون کی خلاف ورزی پر عدالت مداخلت نہیں کرتی تو عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہوگی، پارلیمنٹ پیدا کردہ تنازعات خود حل کرے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال
|

سپریم کورٹ میں قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترمیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے ہیں کہ ترامیم کیس کے ذریعے نیب قانون پر ’ریڈلائن‘ مقرر کی جائے گی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل بینچ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الہیٰ کا خیر مقدم کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ نئے اٹارنی جنرل کے آنے سے حکومت کی ٹیم اور بھی مضبوط ہوگئی ہے، نئے اٹارنی جنرل کا تقرر خوش آئند ہے۔

دوران سماعت سپریم کورٹ نے ایک بار پھر نیب ترامیم سے ختم ہونے یا متعلقہ فورم پر منتقل ہونے والے کیسز کی تفصیلات طلب کیں، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ نیب ترامیم سے کتنے کیسز کا فیصلہ ہوا اور کتنے واپس ہوئے تفصیلات جمع کرائیں، اس تاثر میں کتنی سچائی ہے کہ نیب ترامیم سے کوئی کیسز ختم یا غیر مؤثر ہوئے؟

اسپیشل نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نیب ترامیم سے کوئی نیب کیس ختم نہیں ہوا، نیب نے کسی کیس میں پراسیکیوشن ختم نہیں کی، کچھ نیب کیسز ترامیم کے بعد صرف متعلقہ فورمز پر منتقل ہوئے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ نیب ترامیم کے بعد جن کیسز کا میرٹ پر فیصلہ ہوا ان کی بھی تفصیل جمع کرائیں، چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بھی بتائیں کہ نیب ترامیم سے کن کن نیب کیسز کو فائدہ پہنچا ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ 50 کروڑ روپے سے کم کی کرپشن کے کیسز خود بخود نیب ترامیم سے غیر مؤثر ہوگئے، نیب نے 50 کروڑ روپے سے کم کرپشن کے مقدمے منتقل کر دیے ہیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ عدالت کے علم میں یہ بھی ہونا چاہیے کہ نیب نے پلی بارگین سے اکٹھے ہونے والے پیسے کا کیا کیا؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پلی بارگین کی رقم کا حساب چیئرمین نیب سے مانگا۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ چیئرمین نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو پلی بارگین کی رقم سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا، اس موقع پر عدالت عظمیٰ نے نیب کو پلی بارگین کی رقم سے متعلق تفصیل بھی رپورٹ میں شامل کرنے کا حکم دیا۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ عدالت، درخواست گزار سے یہ بھی پوچھے کہ ان کے دور میں کتنے نیب کیسز ختم ہوئے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت کا کام نہیں ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے پیدا کردہ تنازعات حل کرے، پارلیمنٹ اپنے تنازعات خود حل کرے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پاکستان بننے سے اب تک انسداد کرپشن کا قانون موجود رہا ہے، عمران خان کو شاید نیب ترامیم سے اصل قانون کے تقاضے بدل جانے پر تشویش ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا عدالت خود سے بنیادی حقوق کی تشریح کر سکتی ہے؟ جس پر وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ عدالت تب ہی مداخلت کر سکتی ہے جب حکومت کی کوئی شاخ اپنی حدود سے تجاوز کرے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے سامنے نیب ترامیم سے متعلق معاملہ پارلیمنٹ پر عوامی اعتماد کا ہے، اگر عدالت پر یہ ثابت ہوا کہ عوامی اعتماد ٹوٹا ہے تو کسی بھی زاویے سے نیب ترامیم پر فیصلہ کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر عدالت کسی قانونی خلاف ورزی پر مداخلت نہیں کرتی تو یہ عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہوگی، اس کیس کے ذریعے نیب قانون پر ریڈلائن مقرر کی جائے گی۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت 8 فروری کی دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردی۔

نیب ترامیم

خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت اتحادی حکومت نے نیب آرڈیننس میں 27 اہم ترامیم متعارف کروائی تھیں، لیکن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان کی منظوری نہیں دی تھی، تاہم اس بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیا گیا اور بعد میں اسے نوٹیفائی کیا گیا تھا۔

نیب (دوسری ترمیم) بل 2021 میں کہا گیا ہے کہ نیب کا ڈپٹی چیئرمین، جو وفاقی حکومت کی جانب سے مقرر کیا جائے گا، چیئرمین کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بیورو کا قائم مقام چیئرمین بن جائے گا، بل میں چیئرمین نیب اور بیورو کے پراسیکیوٹر جنرل کی 4 سال کی مدت بھی کم کر کے 3 سال کردی گئی ہے۔

منظور کیے گئے نیب (دوسرا ترمیمی) بل 2022 کے مسودے کے مطابق نیب 50 کروڑ روپے سے کم کی کرپشن کے کیسز کی تحقیقات نہیں کرسکے گا۔

قانون کی منظوری کے بعد نیب وفاقی، صوبائی یا مقامی ٹیکس کے معاملات پر کارروائی نہیں کر سکے گا، مزید یہ کہ ملک میں کام کرنے والے ریگولیٹری اداروں کو بھی نیب کے دائرہ کار سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

بل میں کہا گیا ہے کہ اس آرڈیننس کے تحت افراد یا لین دین سے متعلق زیر التوا تمام پوچھ گچھ، تحقیقات، ٹرائلز یا کارروائیاں متعلقہ قوانین کے تحت متعلقہ حکام، محکموں اور عدالتوں کو منتقل کی جائیں گی، بل نے احتساب عدالتوں کے ججوں کے لیے 3 سال کی مدت بھی مقرر کی ہے، یہ عدالتوں کو ایک سال کے اندر کیس کا فیصلہ کرنے کا پابند بھی بنائے گا۔

مجوزہ قانون کے تحت نیب کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ملزم کی گرفتاری سے قبل اس کے خلاف شواہد کی دستیابی کو یقینی بنائے، بل میں شامل کی گئی ایک اہم ترمیم کے مطابق یہ ایکٹ قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے شروع ہونے اور اس کے بعد سے نافذ سمجھا جائے گا۔

کراچی: سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ ادا، آرمی قبرستان میں سپرد خاک

پاکستان کے ویڈیو گیمر عاطف بٹ کو ٹیکن ورلڈ ٹور کے بعد ’کنگ آف آئرن فسٹ‘ کا تاج پہنایا گیا

شوبز شخصیات کا شوٹنگ ٹیم پر حملے کے ملزمان گرفتار کرنے کا مطالبہ