دنیا

چین: ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 16 افراد ہلاک، 66 زخمی

ہفتے کی شام کو صرف 10 منٹ کے دوران صوبہ ہنان کے ہائی وے پر 50 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، کچھ گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی، ٹریفک پولیس

وسطی چین میں ایک ہائی وے پر پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے حادثے میں ہلاک اور زخمی شہریوں کے بارے میں بتایا جب کہ مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی فوٹیج میں جلتے ہوئے ٹرک اور تباہ شدہ کاروں کو دکھایا گیا۔

مقامی ٹریفک پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کی شام کو 10 منٹ کے دوران صوبہ ہنان میں ایک ہائی وے پر 50 کے قریب گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جن میں سے کچھ گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’پیپلز ڈیلی‘ پر آن لائن نشر کی جانے والی فوٹیج میں کئی جلتے ہوئے ٹرکوں کو دکھایا گیا، جلتے ہوئے ٹرکس پر ڈیلیوری کمپنیوں کے لوگو آویزاں تھے۔

فوٹیج میں تباہ شدہ الٹی پڑی کاریں اور حادثے کے باعث لگنے والی آگ سے اٹھتے دھوئیں کے سیاہ بادل بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ متعدد گاڑیوں کے ٹکرانے سے 16 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک ہی تصادم میں 7 افراد بھی شامل تھے جب کہ حادثات میں 66 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 8 نسبتاً شدید زخمی بھی شامل ہیں، تاہم زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم ہیں۔

پیپلز ڈیلی نے رپورٹ کیا کہ یہ تصادم صوبائی دارالحکومت چانگشا میں پیش آیا اور 180 سے زائد امدادی کارکنوں کو ہفتے کے روز جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا۔

چینی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے کہا کہ اس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

مطالبات کی منظوری کیلئے ایم کیو ایم کا حکومتِ سندھ کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم

’6 چھکے مارنا بڑی بات، کھانا بھی حوصلہ ہے‘، وہاب، افتخار میں دلچسپ مکالمے

عروج آفتاب دوسرا گریمی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام