دنیا

امریکا: پولیس کے تشدد سے ہلاک سیاہ فام شہری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو جاری

سیاہ فام شہری تشدد کے دوران اپنی ماں کو پکارتا رہا، امریکی پولیس افسران نے ٹائر نکولس کے چہرے پر مکے مارے اور کالی مرچوں کا اسپرے بھی چھڑکا۔

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کی پولیس نے 5 پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ تشدد سے ہلاک 29 سالہ سیاہ فام شہری ٹائر نکولس کی دل دہلا دینے والی فوٹیج جاری کردی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پولیس افسر ٹائر نکولس کو گاڑی سے زبردستی باہر نکال رہا ہے جس پر ٹائر نکولس نے چیختے ہوئے کہا کہ ’میں نے کچھ بھی نہیں کیا، میں صرف گھر جارہا ہوں‘۔

جس کے بعد پولیس اہلکار نے 29 سالہ سیاہ فام کو زمین پر پیٹ کے بَل لیٹنے کو کہا اور چہرے پر کالی مرچوں کا اسپرے چھڑکنا شروع کردیا۔

بعد ازاں ٹائر نکولس جب خود کو چھڑاتے ہوئے وہاں سے جانے کی کوشش کرتا ہے تو سڑک کنارے ایک پولیس افسر اسٹن گَن (جس سے انسان عارضی طور پرحرکت کرنے سے معذور ہوجاتاہے) فائر کرتا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس افسران ٹائر نکولس پر مسلسل تشدد کررہے ہیں، 2 افسران سیاہ فام شہری کو پکڑ کر کھڑے ہیں جبکہ تیسرا پولیس افسر مکے ماررہا ہے اور چوتھے پولیس اہلکار کو لاٹھی کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں صاف ظاہر ہے کہ پولیس افسران ٹائر نکولس کے چہرے پر مسلسل مکے مار رہے ہیں۔

بعدازاں ایک پولیس سیاہ فام شہری کو سیدھا کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک بار پھر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتا ہے جس کے بعد 29 سالہ ٹائر نکولس زمین پر گرجاتا ہے۔

پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام شہری ٹائر نکولس تشدد کے دوران اپنی ماں کو پکارتا رہا۔

ان کی والدہ نے کہا تھا کہ ان کا بیٹا گھر سے صرف 80 کلو میٹر دور تھا جب اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جائے وقوع پر ایمرجنسی میڈیکل کے اہلکار کے پہنچنے کے 19 منٹ بعد اسٹریچر لائی گئی۔

واقعے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں پر قتل، اقدام قتل، تشدد اور اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے اور عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے ایک روز بعد میمفس کے محکمہ پولیس نے باڈی-وارن کیمرے کی فوٹیج آن لائن پوسٹ میں جاری کی۔

ویڈیو جاری ہونے سے قبل میمفس کے پولیس چیف سائرل ڈیوس ، ٹائر نکولس کے وکلا اور اہل خانہ نے ویڈیو دیکھی تھی، انہوں نے عوام کو خبردار کیا تھا کہ ویڈیو کی فوٹیج دل دہلانے والی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ سے بات کرتے ہوئے پولیس چیف سائرل ڈیوس نے کہا کہ ’ویڈیو میں آپ انسانیت سوز مناظر دیکھیں گے‘۔

ویڈیو کی فوٹیج سب سے پہلے سی این این اور دیگر نیوز چینلز میں جاری کی گئی جس کے بعد میمفس میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں نے ’انصاف نہیں تو امن نہیں‘ کے نعرے لگائے۔

باڈی کیم فوٹیج سامنے آنے کے بعد پوری دنیا میں واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

کراچی: سخت سردی کی لہر کے سبب وائرل انفیکشن سے متاثرہ مریضوں میں اضافہ

بااثر افراد کا اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کا انکشاف

طالبان نے یونیورسٹیوں کے داخلہ ٹیسٹ میں خواتین کی شرکت پر پابندی عائد کردی