دنیا

نیوزی لینڈ: ریکارڈ بارش، آکلینڈ میں بدترین سیلاب، 3 افراد ہلاک

آکلینڈ میں کئی مقامات پر بارش کے بعد پانی جمع ہے، پروازیں بھی متاثر ہوئیں جبکہ ایک شہری تاحال لاپتا ہے، حکام

نیوزی لینڈ میں ریکارڈ بارش کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں بدترین سیلاب کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک لاپتہ ہوگیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرس ہپکنز نے کہا کہ آکلینڈ میں ریکارڈ بارش ہوئی اور بدترین سیلاب سے نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

کرس ہپکنز نے پانی میں ڈوبے چند علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے تین افراد متاثر ہوئے اور ایک اور شہری لاپتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں تباہی پھیلی ہوئی ہے اور ریکارڈ پر جمعہ شہر میں پانی سے بھرا ہوا دن تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تاریخ میں یہ ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اور جسینڈا آرڈن کے استعفے کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے دو دن بعد ہی ان کے سامنے ہی ایک بڑا واقعہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ زمینی اور فضائی جائزے کے بعد نقصانات کا تعین کرنے اور امدادی کام کے لیے حالات واضح ہوگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے موسم کے اثرات کا اندازہ ہوتا ہے۔

پولیس نے کہا کہ دو لاشیں شمالی آکلینڈ کے مضافات میں مختلف مقامات سے ملی ہیں۔

آکلینڈ کی پولیس نے کہا کہ شہر کے وسطی علاقے میں لینڈ سلائیڈ کے بعد گرنے والے گھر میں ایک شہری کی موت ہوئی جبکہ ایک اور شہری تاحال لاپتہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں آکلینڈ کے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کے محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کی صبح سے 24 گھنٹوں کے دوران آکلینڈ ایئرپورٹ پر ریکارڈ 249 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ میں خراب موسم کی وجہ سے شہر کا ایئرپورٹ عارضی طور پر معطل کردیا گیا کیونکہ چند ایک ٹرمینلز پر پانی کھڑا ہوگیا تھا تاہم اندرونی پروازوں کے لیے ٹرمینلز ہفتے کو دوپہر کے بعد کھل گئے تاہم بین الاقوامی پروازیں اتوار کو بحال ہونے کا امکان ہے۔

شہر کے سیلاب سے کنسرٹ اور رگبی کے میچ بھی متاثر ہوئے جبکہ وزیراعظم نے مزید بارشوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ شہری گھروں میں رہیں۔

آکلینڈ کی ایمرجنسی سروس نے بھی شہریوں پر زور دیا کہ صرف ہنگامی صورت میں رابطہ کریں۔

وزیراعظم کرس ہپکنز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آکلینڈ میں معمولات جتناممکن ہو جلد بحال ہوجائیں۔

ناکامی کے ذکر پرکوئی نکالنا چاہے تو پھراس کا نام سیاسی جماعت نہیں ہوتا، شاہد خاقان عباسی

کراچی: اردو بولنے پر بچے کے منہ پر سیاہی لگانے کا واقعہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

سینئر امریکی جنرل نے 2025 تک امریکا اور چین کے درمیان جنگ کی پیش گوئی کردی