ملک کی مالیاتی صورتحال نازک ہے، چیئرمین ایف بی آر
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نے ملک کی موجودہ مالی صورتحال کو نازک قرار دے دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عاصم احمد نے کسٹمز ہاؤس میں عالمی کسٹم ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال نازک ہے اور اس کی آمدنی کم ہے، ہم جلد ہی ٹیکس وصولی میں کمی کے معاملے پر قابو پا لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا اور 74 کھرب 70 ارب روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ہدف حاصل جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ڈائریکٹ ٹیکسز کی جانب منتقل ہو گئے ہیں اور رواں مالی سال کے دوران براہ راست ٹیکس کی وصولی بالواسطہ ٹیکس کی وصولی سے زیادہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کراسنگ 24 گھنٹے فعال اور آپریشنل ہے اور اسی طرح سے دیگر سرحدی کراسنگ کو 24 گھنٹے فعال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عاصم احمد نے کہا کہ ہمیں 24 گھنٹے سرحد کو آپریشنل اور فعال رکھنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے جب کہ دوسری جانب (افغانستان) کو کچھ مسائل ہیں۔
تاہم پشاور میں افغانستان کے قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے کہا کہ ان کی سرحد کی جانب بھی اس سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
حافظ محب اللہ نے ڈان کو بتایا کہ تجارت ہی قوموں کو ترقی دیتی ہے کیونکہ ہمارے تعلقات جتنے اچھے ہوں گے، تجارت کا حجم اتنا ہی بڑھے گا اور یہ تجارتی سرگرمیاں ہمارے تعلقات کو مضبوط کریں گی۔