متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا رحیم یار خان کے چندنہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات میں ہم نے اپنے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 جنوری کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات گئے تھے اور انہوں نے شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے ملاقات کے دوران پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کے ساتھ مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔
ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
مزید بتایا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے حامل قومی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا۔
بعد ازاں 19 دسمبر کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کردی ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ’ابوظبی نے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے باعث کیا‘۔