لائف اسٹائل

’جوائے لینڈ‘ آسکر کی دوڑ سے باہر

’جوائے لینڈ‘ کو آسکر نے انٹرنیشنل فلمز کی کٹیگیری میں دنیا کی 100 میں سے 15 بہترین فلموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

دنیا کے معتبر ترین فلمی ایوارڈ ’آسکر‘ نے 95 ویں سالانہ ایوارڈز میلے کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا، جس میں پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی۔

’جوائے لینڈ‘ کو آسکر نے انٹرنیشنل فلمز کی کٹیگیری میں دنیا کی 100 میں سے 15 بہترین فلموں کی فہرست میں شامل کیا تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ اسے آخری مرحلے کے لیے بھی نامزد کیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔

’آسکر‘ کی جانب سے جاری کردہ نامزدگیوں کے مطابق بہترین عالمی فلم کے لیے دنیا کے پانچ ممالک کی فلمیں نامزد کی گئیں اور پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نامزدگیوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی۔

اب بہترین عالمی فلم کا مقابلہ ’جرمنی، ارجٹینا، بیلجیم، پولینڈ اور آئرلینڈ کی فلموں کے درمیان ہوگا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جرمنی کی فلم ’آل کوئٹ‘ ایوارڈ لے اڑے گی۔

آسکر اکیڈمی کی جانب سے 25 جنوری کو مجموعی طور پر 23 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا۔

سالانہ 95 ویں ایوارڈ میں سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں سائنس فکشن فلم ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ان ون‘ نے حاصل کیں جب کہ جرمن فلم ’آل کوئٹ‘ نے دوسرے نمبر پر 10 نامزدگیاں حاصل کیں، جس سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بہترین انٹرنیشنل فلم کا ایوارڈ لے اڑے گی۔

بہترین اداکار کی کیٹیگری میں آسٹن بٹلر، کولن فاریل، برینڈن فراسر، پال میسکل اور بل نائی نے نامزدگیاں حاصل کیں جب کہ بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں کیٹ بلینشٹ، انا ڈی آرماس، اندریا ریسبروف، مشعل ولیمز اور مشعل یواہ نے نامزدگیاں حاصل کیں۔

ڈاکیومینٹری شارٹ فلم کی کیٹیگری میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی پروڈیوس کردہ دستاویزی فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ بھی نامزد ہوئی ہے، مذکورہ ڈاکیومینٹری کا مقابلہ دیگر چار فلموں سے ہوگا۔

ملالہ یوسف زئی حال ہی میں ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بنی تھیں، اس سے قبل وہ ’جوائے لینڈ‘ کی بھی ایگزیکٹو پروڈیوسر بنی تھیں مگر ان کی پاکستانی فلم نامزدگی حاصل نہ کر سکی۔

اپنی دستاویزی فلم کی نامزدگی پر ملالہ یوسف زئی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ آسکر ایوارڈ کی سالانہ 95 ویں تقریب رواں برس مارچ کے آغاز میں لاس اینجلس میں ہوگی۔

’جوائے لینڈ‘ پاکستان کی جانب سے ’آسکر‘ کے لیے منتخب

کیا پاکستان میں پابندی کے بعد ’جوائے لینڈ‘ آسکر کی نامزدگی کی اہل ہوگی؟

’جوائے لینڈ‘ کانز فلم فیسٹول میں ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی فلم