بنوں: دستی بم دھماکے میں پاک فوج کا جوان شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دیسی ساختہ بم(آئی ای ڈی) دھماکے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں کے علاقے جانی خیل میں دستی بم کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 24 سالہ سپاہی گل شیر شہید ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید جوان کا تعلق ضلع خیبر سے تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کارروائی کی جا رہی تاکہ کسی دہشت گردی کی موجودگی کا شائبہ نہ رہے۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج کے جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں بھی گشت پر مامور تھانہ بڈھ بیر پولیس وین کے قریب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکا ہوا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل ضلع چارسدہ کے تھانہ نستہ کی حدود ڈھیری زرداد میں پولیس ناکہ بندی پر نامعلوم 3 دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔
ضلع خیبر میں 19 جنوری کو جمرود کے علاقے تختہ بیگ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 4 سپاہی شہید اور متعدد دہشت گرد مارے گئے تھے۔
دہشت گردوں کی جانب سے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں حملوں میں تیزی آئی ہے، نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سیز فائر ختم کرنے کے بعد ملک بھر میں کارروائیوں کا اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ 14 جنوری کو پشاور میں واقع سربند پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 10 جنوری کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں یارک پولیس اسٹیشن پر نامعلوم دہشت گردوں نے رائفلز اور میزائلوں سے حملہ کیا، تاہم حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
بنوں میں 7 جنوری کو انتہاپسندوں کی جانب سے کیے گرینیڈ حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔