اقتصادی رابطہ کمیٹی نے استعمال شدہ ٹریکٹرز درآمد کرنے کی اجازت دے دی
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری کے علاوہ کسان پیکج کے تحت 5 سال پرانے ٹریکٹرز درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ڈہرکی پاور ہولڈنگ میں فوجی فاؤنڈیشن ایکویٹی سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت تجارت کی بارڈر تجارت میکانزم کی پالیسی سمری کی منظوری دی جس میں بالخصوص دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کی سہولت کی فراہمی کے لیے بارڈر سسٹم کے تحت تجارت کی اجازت دی گئی ہے جہاں بنکنگ نظام نہیں ہے۔
کمیٹی نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لیے 30 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔
اسی کے علاوہ مالی سال 24-2023 کے دوران ہنگامی تعمیر اور مرمت کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی منظوری دی اور کراچی میں سائٹ انڈسٹریل اسٹیٹ میں سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
استعمال شدہ ٹریکٹر کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماہانہ دو فیصد کی بنیاد پر 60 فیصد ڈیوٹی میں کمی کی اجازت دی۔
اجلاس میں اسٹیٹ بینک کی تجاویز پر غور کیا گیا اور فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈہرکی پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے 27 لاکھ 50 ہزار شیئرز (18.64 اسٹیک) کے حصول کے لیے 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ایکویٹی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی۔ؕ
کمیٹی نے تیل کی تلاش اور لائسنس کے لیے پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ (پی او ایل) میں 34 فیصد اور اٹک آئل کمپنی لمیٹڈ سے کرتھر ساؤتھ بلاک میں پالش آئل اینڈ گیس کمپنی کے لیے 6 فیصد اسائمنٹ کی منظوری دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مشاورت کے بعد پاور ڈویژن کی تجاویز کی منظوری دی جس میں معیاری سیکیورٹی پیکج دستاویزات میں ٹیرف کا اشاریہ سالانہ بنیادوں پر کرنے اور رسیدوں کے تصفیے کے لیے ادائیگی کا طریقہ کار بھی موجود ہوگا۔
وزارت توانائی نے خیبرپختونخوا کے ٹل بلاک سے تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے ایک اور سمری جمع کرائی جس میں پیٹرولیم رعایتی معاہدے کے تحت مامی خیل ساؤتھ سے گیس کی دریافت کے لیے تیسرے فریق کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تجاویز پر غور کرنے کے بعد اسے منظور کرلیا۔