پاکستان

دھاندلی کے الزامات: لاہور بار ایسوسی ایشن کے الیکشن معطل

بابر وحید لاہور بار کے نگران صدر نامزد کردیے گئے، تمام امیدواروں 16 جنوری کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوں، انتخابات 23 جنوری کو ہوں گے، پنجاب بار کونسل

پنجاب بار کونسل (پی بی بی سی) نے لاہور بار ایسوسی ایشن (ایل بی اے) کے الیکشن 24-2023 کا عمل مختلف امیدواروں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر معطل کردیا جب کہ الیکشن بورڈ نے نتائج کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بارز کی صوبائی ریگولیٹری باڈی پنجاب بار کونسل نے بابر وحید کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے روزمرہ کے امور چلانے کے لیے نگران صدر نامزد کیا اور تمام امیدواروں کو 16 جنوری کو اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل رانا سیف اللہ خان نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 23 جنوری کو ہوں گے۔

سیف اللہ خان نے الیکشن بورڈ کے چیئرمین نوید عنایت ملک کو بھی ہدایت کی کہ وہ انتخابات کا مکمل مینوئل اور بائیو میٹرک ریکارڈ پنجاب بار کونسل کے رکن بابر وحید کے حوالے کریں۔

جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مختلف امیدواروں کے ساتھ ساتھ ووٹرز نے بھی شکایت کی کہ انہیں ووٹرز کو آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ انہیں ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھا گیا۔

اس میں کہا گیا کہ الیکشن بورڈ کے چیئرمین کو متعدد شکایات کی گئیں اور ہر 30 منٹ بعد پولنگ روکنی پڑی، حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن بورڈ کے چیئرمین اور ان کے ساتھی اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب الیکشن بورڈ نے مختلف امیدواروں اور ان کے حامیوں کے احتجاج کے درمیان ہی نتائج کا اعلان کردیا، اس دوران امیدواروں کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ کی۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق حامد خان کی قیادت میں پروفیشنل گروپ کے رانا انتظار حسین 3ہزار 189 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے، عاصمہ جہانگیر گروپ کے نام سے مشہور آزاد گروپ کے منیر حسین بھٹی 2ہزار 168 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، صدر کے عہدے کے لیے میدان میں موجود تیسرے امیدوار رانا محمد نے 636 ووٹ حاصل کیے۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق ندیم انجم بطور نائب صدر، ملک کفیل بطور سیکریٹری، طاہرہ شاہین بطور فنانس سیکریٹری جب کہ عاطف کمال بھٹی بطور جوائنٹ سیکریٹری کامیاب قرار پائے۔

بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 8 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

بولی وڈ فلموں میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو دشمن کے طور پر دکھایا جاتا ہے، صنم سعید

ٹام موڈی اور اینڈی فلاور کا بھی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے سے انکار