پاکستان

عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت مقررہ وقت پر ہوں گے، احسن اقبال

ہمیں خوشی ہے عمران خان نے اپنے ہاتھوں سے حکومت ختم کی، سیاسی کرتب سے الیکشن مقررہ وقت سے قبل نہیں ہوں گے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے جو 30 اپریل کو مکمل ہوں گے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہوگا، معاشی بہتری کے لیے برآمدات تیزی سے بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، ہمیں خوشی ہے عمران خان نے اپنے ہاتھوں سے حکومت ختم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کرتب سے قبل ازوقت الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا ہے، سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 16 ارب ڈالر لگایا گیا ہے تاہم دوست ممالک پاکستان سے تعاون کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنیوا میں پوری دنیا نے پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کیا اور کانفرنس میں 10 ارب ڈالرکی امداد کا اعلان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے لوگ ہیں جو مسلسل ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے ہیں، مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن معیشت کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔

وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ سیاست بعد میں کرلیں گے پہلے ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی بارودی سرنگوں کو ختم کر رہے ہیں، برآمدات بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور برآمدات کا انجن پوری رفتار کے ساتھ چالو کرنا ہوگا اور 32 ارب ڈالر کی برآمدات 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو شائع ہوں گے اور سارا عمل اگست میں جا کر مکمل ہوگا جب اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی ہے، جس پر ہمیں تو خوشی ہے، سیاسی کرتب سے انتخابات نہیں ہوں گے، یہ وقت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کا نہیں بلکہ یک جہتی کا ہے اور انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے اور بہت جلد معاشی بحران سے نکل آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال طوفانی بارشوں اور سیلاب کے دوران ملک بھر میں 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کا کام جاری ہے تاہم مکمل بحالی میں دو سے تین سال کا وقت لگے گا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز جیت لی

سری لنکا کا اخراجات میں کمی کیلئے فوج کی تعداد ایک تہائی کم کرنے کا فیصلہ

فیصل اگر ہانیہ کو تاڑ سکتے ہیں تو میں وہاج کو تاڑ سکتی ہوں، عتیقہ اوڈھو