’مسلمان ملتے وقت آداب نہیں کیا کرتے، تھوڑی شدت سے نفرت کیا کرو‘
بھارتی فلم ’مشن مجنوں‘ میں مسلمانوں کو دقیانوسی اور روایتی انداز میں پیش کرنے پر ٹوئٹر صارفین نے فلم اور بھارتی اداکار سدھارت ملہوترا پر کڑی تنقید اور تبصرے کیے۔
بھارت اور پاکستان کے تعلقات کے درمیان متعدد فلمیں بنائی گئیں، کئی ایسی فلمیں تھیں جن میں حب الوطنی اور تنازعات کو ختم کرکے بھائی چارے کا پیغام دیا گیا جبکہ کئی فلمیں دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے حوالے سے تھیں۔
حال ہی میں نیٹ فلکس انڈیا کی جانب سے ’مشن مجنوں‘ نامی بھارتی فلم کا ٹریلر جاری کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔
بولی وڈ کے اداکار سدھارت ملہوترا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ٹریلر شیئر کیا جس کے جواب میں سوشل میڈیا پر میمز کا انبار لگ گیا۔
سوشل میڈیا صارفین بالخصوص اس بات پر تنقید کررہے ہیں کہ فلم میں بھارتی ڈائریکٹر اور ہدایت کاروں کی جانب سے دعویٰ کیا ہے کہ ’یہ فلم سچی کہانی پر مبنی ہے‘۔
اس کے علاوہ فلم میں سدھارت ملہوترا بھارتی جاسوس بن کر پاکستان جاتا ہے تو وہ ملاقات کرتے ہوئے ’آداب‘ کا لفط استعمال کرتا ہے اس کے علاوہ فلم میں مسلمانوں کو دقیانوسی اور روایتی انداز میں پیش کرنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے سدھارت ملہوترا پر کڑی تنقید کی۔
پاکستانی ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے جواب دیا کہ ’فضول فلمیں بنانا بند کرو، جعلی آداب، ٹوپی، سرمے والی آنکھیں اور حماقت بھری کہانی۔۔۔ بس کر دو بس۔‘
رافع نے لکھا کہ بالی وڈ فلموں میں پاکستانیوں کے خدوخال اور کردار کے حوالے سے نمائندگی کرنے پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ٹوپی، سُرما اور رومال موجود ہے۔
عبدالاحد جاوید نے لکھا کہ ’میرا ایک سوال ہے، کیا واقعی سمجھتے ہیں کہ ایک ایجنٹ پاکستان میں آداب بولتا ہے؟ ’
ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’بولی وڈ کئی دہائیوں سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے اور اب تک انہیں یہ معلوم نہ ہوسکا کہ کہ پاکستانی مسلمان جب ایک دوسرے سے ملتے ہیں تو آداب نہیں کہتے، تھورڑی شدت سے نفرت کیا کرو!۔ ’
انابا نے لکھا کہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے شخص کا ایک ہی کارنامہ تھا اور وہ یہ ہے کہ کپور اور سنز میں پاکستانی اداکار فواد خان اس کا بھائی بنا تھا۔
بنٹی نے لکھا کہ ’ارے جناب یہ سدھارت میاں تو بہت بُری طرح ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں‘۔
علشبا نے لکھا کہ یہ نیوکلیئر ہاؤس ہے یا مزار ہے؟
مشن مجنوں کی کاسٹ میں راشمیکا مندانا، پرمیت سیٹھی، بھومیکا چاولا، شاریب ہاشمی اور ارجن باجوہ بھی موجود ہیں۔
یہ فلم نیٹ فلکس پر 20 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے ٹریلر میں کیا ہے؟
فلم کے ٹریلر میں اداکار سدھارت ملہوترا بھارتی جاسوس کا کردار ادا کررہے ہیں جسے پاکستان کے جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کا کام سونپا جاتا ہے۔
ٹریلر میں پاکستانی سائنسدان عبدالقدیر خان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ٹریلر کے مطابق کہا جاتا ہے کہ ’پاکستان غیر قانونی طور پر جوہری بم بنا رہا ہے۔ ہمیں اس کی نیوکلیئر فیسیلیٹی کو ڈھونڈ کر اسے نیوٹرلائز کرنا ہوگا۔‘
ٹریلر میں پاکستان کے جوہری تنصیبات کو دکھایا جاتا ہے اور دو دیوقامت چمنیاں بھی دکھائی جاتی ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں لڑاکا طیارے فضا میں اُڑتے نظر آتے ہیں۔