دنیا

چین: صوبے جیانگ شی میں ٹریفک حادثہ، 19 افراد ہلاک

لوگ سڑک کے کنارے آخری رسومات ادا کررہے تھے، ان پر ایک ٹرک چڑھ دوڑا، رپورٹ

چین کے صوبے جیانگ شی میں ٹریفک حادثے میں 19 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے بتایا کہ سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے مقامی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ نانچانگ کاؤنٹی میں بڑا ٹریفک حادثہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے جامع تحقیقات کی جارہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری ملکیت والے روزنامہ ’ہوبی گروپ‘ سے وابستہ مقامی نیوز کے ادارے ’جمو‘ نے بتایا کہ ایک ٹرک کے جنازے کی آخری رسومات کے اجتماع پر چڑھ دوڑنے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔

مقامی خاتون ڈینگ نے بتایا کہ لوگ جسد خاکی کو شمشان گھاٹ لے جانے سے قبل سڑک کے کنارے آخری رسومات ادا کر رہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان پر ایک ٹرک چڑھ دوڑا، مرنے والوں میں زیادہ تر افراد وہ ہیں، جو آخری رسومات میں شریک تھے۔

ایک اور مقامی شخص گونگ نے بتایا تھا کہ اس کی بیوی اس حادثے میں ہلاک ہوگئی، وہ آخری رسومات میں شریک تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کی خبر سامنے آنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد کاؤنٹی ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دھند کی صورتحال ہے۔

مزید بتایا گیا کہ حد نگاہ کافی کم ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، آہستہ اور احتیاط سے گاڑی چلائیں، آگے جانے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، لائن تبدیل نہ کریں۔

خیال رہے کہ چین میں سخت حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک حادثات عام ہیں۔

گزشتہ ماہ چین میں ایک ہائی وے پر دھند ہونے اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکڑا گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

اسی طرح ستمبر میں جنوب مغربی صوبہ گوئز ہو میں قرنطینہ سہولیات تک لے جانے والی ایک بس موٹروے پر الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 27 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

خدا کے واسطے اسٹیبلشمنٹ کوئی سیاسی انجینئرنگ نہ کرے، عمران خان

جرمنی: حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں ایرانی شہری گرفتار

سیلاب متاثرین کے مسائل دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے وزیر اعظم جنیوا پہنچ گئے