خدا کے واسطے اسٹیبلشمنٹ کوئی سیاسی انجینئرنگ نہ کرے، عمران خان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلمشنٹ خدا کے واسطے کوئی سیاسی انجینئرنگ نہ کرے کیونکہ ماضی میں جو سیاسی انجینئرنگ کی گئی ہے اس کا ملک کو بہت نقصان ہوا ہے۔
کراچی میں خواتین کنونشن سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جہاں ہم آج کھڑے ہیں اس میں سب سے بڑا ہاتھ جنرل (ر) باجوہ کا ہے جن کے پاس بہت بڑی طاقت تھی اور میں نے اس وقت شوکت ترین کو ان کے پاس بھیجا تھا کہ ایک مستحکم حکومت کو نہ گرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ وہ کون شخص تھا جس کے فیصلے سے ملک میں ایسا بحران آیا ہے جس کی پیش گوئی سات ماہ قبل کردی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھے اور آج ہم سیاسی انجینئرنگ ہوتی دیکھ رہے ہیں جس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو اکٹھا کرنے، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو پیپلز پارٹی میں دھکیلنے، جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت لانی کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک اور گیم چل رہی ہے کہ تحریک انصاف کو کمزور کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دلدل سے ٹیکنوکریٹ حکومت نہیں بلکہ صرف تحریک انصاف نکال سکتی ہے جس کے لیے صاف اور شفاف انتخابات کرانے ہیں اور اگر پولیٹیکل انجینئرنگ نہ کی گئی تو ملک میں ہماری حکومت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عقل تو یہ کہتی ہے کہ ملک میں ایک مضبوط سیاسی حکومت لائیں جو ملک کو دلدل سے نکالے اور اگر کمزور سیٹ اَپ لانا ہے تو وہ ویسے بھی نہیں چل سکتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن سے ہم بھیک مانگ رہے ہیں وہ پاکستان کو قسط دینے کے لیے ملکی سلامتی پر بھاری قیمت ادا کرنے کا کہیں گے اور اس پر ہم سمجھوتہ کرکے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈال کر وہ قیمت ادا کریں گے، لہٰذا ایک مضبوط حکومت آئے جس سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد ہو کہ پانچ سال کے لیے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو کہتا ہوں کہ پاکستان ہم سب کے ہاتھوں سے نکل جائے گا اور ہم سری لنکا کے حالات پر ہیں، جب میں نے پہلے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی تھی تو مجھے غدار کہا گیا تھا اور اب پوری دنیا وہی بات کر رہی ہے کہ ہم اب سری لنکا بننے جارہے ہیں جہاں لوگ سڑکوں پر ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آٹے کی قیمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ آٹا مل نہیں رہا جس کی وجہ سے میرپورخاص میں ایک شخص آٹا لینے کے لیے قطار میں کھڑا رہا اور زندگی کھو دی اور یہ صورتحال مزید بڑھنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آئی ہے تاکہ ملک کمزور ہو اور بیرونی ایجنڈے پر ملک ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’اسٹیبلمشنٹ خدا کے واسطے کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ نہ کرے کیونکہ جو پولیٹکل انجینئرنگ کی گئی ہے اس کا ملک کو بہت نقصان ہوا ہے۔‘
انہوں نے کراچی کی خواتین سے مخاطب ہوکر کہا کہ اب یہ آپ کے لیے سیاست نہیں جہاد ہے کیونکہ آپ اپنے ملک اور قوم کے لیے نکل رہی ہیں نہ کہ اپنی ذات کے لیے۔