سوچے بغیر شادیاں کرنے پر شوبز شخصیات کی طلاقیں ہوتی ہیں، منشا پاشا
اداکارہ منشا پاشا نے کہا ہے کہ بعض شوبز شخصیات سوچے سمجھے بغیر شادیاں کرتی ہیں، جس وجہ سے ان کی طلاقیں ہوجاتی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں ’مومنا مکس پلیٹ‘ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی پہلی شادی کی ناکامی سمیت دوسری شادی اور شوبز شخصیات کی ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے شو میں اعتراف کیا کہ سماجی رہنما جبران ناصر سے ان کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی، جس سے متعلق وہ زیادہ بات نہیں کرتیں۔
انہوں نے پہلی شادی کے طلاق پر اختتام کا واضح سبب بتائے بغیر کہا کہ جب انہیں لگا کہ ان کی شادی نہیں چل سکتی تو انہوں نے اسے ختم کرلیا۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ دوسری شادی کے بعد ان سے پوچھا جاتا رہا ہے کہ پہلے شوہر صحیح تھے یا دوسرے شوہر بہتر ہیں؟ جس پر وہ حیران رہ جاتی ہیں کہ وہ کیسے دو مختلف افراد کا موازنہ کریں۔
منشا پاشا کے مطابق شادیوں اور طلاق سمیت دو مختلف افراد کا آپس میں موازنہ کرنا کسی طرح بھی ٹھیک نہیں، کیوں کہ دونوں الگ الگ شخصیات ہوتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام طور پر شادی کرتے وقت ہر کوئی دو غلطیاں کرتا ہے، ایک معاشرے اور گھر والوں کے دباؤ میں آکر شادی کرلیتا اور دوسرا یہ کہ وہ جس سے شادی کرنے جا رہا ہوتا ہے، ان سے متعلق وہ کچھ جانتا ہی نہیں، جس وجہ سے بعد میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
اسی شو میں منشا پاشا نے شوبز شخصیات کی شادیوں اور طلاقوں پر بھی بات کی اور اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مسلسل اداکاری کرنے کی وجہ سے شوبز شخصیات کی ذہنی صحت مکمل طور پر بہتر نہیں رہتی۔
اداکارہ کے مطابق شوبز شخصیات کیمرے کے سامنے اپنے جذبات سے کھیلتے رہتے ہیں اور دکھاوا کرتے ہیں اور اسی کا اثر ان کی شخصیت پر بھی پڑتا ہے اور وہ حقیقی زندگی میں ایسے کرنے لگ جاتے ہیں۔
منشا پاشا کے مطابق عام طور پر اداکار ایک دوسرے کو مکمل طور پر جانے بغیر ہی شادی کرلیتے ہیں۔
انہوں نے مثال دی کہ اگر کسی اداکار و اداکارہ کی جوڑی کو اسکرین پر پسند کیا جاتا ہے اور مداح ان سے متعلق پسندیدگی کے کمنٹس کرتے ہیں تو وہ صرف لوگوں کی باتوں میں آکر سوچے سمجھے بغیر ہی شادی کرلیتے ہیں۔
منشا پاشا کے مطابق اسکرین پر بہتر جوڑی نظر آنا الگ بات ہوتی ہے اور حقیقی زندگی اس سے مختلف ہے اور چوں کہ مداحوں کے کہنے پر شادی کرنے والی شوبز شخصیات نے ایک دوسرے کو حقیقی معنوں میں سمجھا ہی نہیں ہوتا، اس لیے شادی کے بعد ان کی زندگی میں مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے شوبز شخصیات کی جانب سے اپنی ازدواجی اور گھریلو زندگی کے مسائل کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے معاملے کو بھی نامناسب قدم قرار دیا۔
اداکارہ کے مطابق شوبز شخصیات سے متعلق لوگ ہر بات جاننا چاہتے ہیں، اس لیے سوشل میڈیا پر ان کی شادی، ان کے افیئرز اور طلاقوں سے متعلق خبریں اور چہ مگوئیاں تلاش کی جاتی رہی ہیں۔