پاکستان

گلگت بلتستان: ایپکس کمیٹی کا چینی شہریوں کی سیکیورٹی میں اضافے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت اجلاس میں سی پیک کے تحت کام کرنے والی اہلکاروں کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلیٰ سول اور عسکری حکام پر مشتمل سیکیورٹی کمیٹی نے گلگت بلتستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایپکس کمیٹی نے میڈیا میں پھیلائی جانے والی جھوٹی خبریں اور غلط معلومات کو روکنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا جس سے امن و امان کی صورتحال بحال ہوسکتی ہے۔

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی حکام اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے تحت کام کرنے والے اہلکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فورس کمانڈ ناردرن ایریاز(ایف سی این اے) کے کمانڈر میجر جنرل کاشف خلیل، گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری معیدالدین احمد وانی، گلگت بلتستان کے آئی جی پی سعید وزیر، محکمہ داخلہ اقبال حسین خان، گلگت بلتستان کے اسکاؤٹ ڈپٹی جنرل ، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈرز اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈپٹی جنرل نے شرکت کی۔

کمیٹی نے خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور امن و استحکام کی بحالی کا جائزہ لیا۔

کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کو دوبارہ بحال اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانےکے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ استعداد میں اضافے اور پولیس کی اضافی نفری کے مسائل کے ساتھ ساتھ بالخصوص محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے معاملے کو وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاق سے رابطے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئی کہ سی ٹی ڈی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم ادارہ ہے اس لیے اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے۔

کیون مک کارتھی کو امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کے انتخاب میں ناکامی کا سامنا

’غیر قانونی طریقوں سے پاکستانیوں کو بیرون ملک بھیجنے والوں کی سزا دگنی‘

حکومت سندھ کی 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کی یقین دہانی پر جماعت اسلامی کا دھرنا ختم