پاکستان

پی ٹی آئی نے انتشار کا سلسلہ نہ روکا تو 2023 میں عام انتخابات نہیں ہوں گے، پیپلزپارٹی

عمران خان ملک کو سیاسی انارکی کی جانب دھکیلتے رہیں گے تو انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں، رہنما پیپلزپارٹی

پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو خبردار کیا ہے کہ اگر ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو رواں برس عام انتخابات نہیں ہو سکیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال برقرار رہی تو 2023 میں عام انتخابات نہیں کرائے جا سکیں گے، اگر عمران خان ملک کو سیاسی انارکی کی جانب دھکیلتے رہیں گے تو انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں؟

شہزاد چیمہ، فیصل میر، میاں ایوب اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق سعید نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ موجودہ حکومت کو عمران خان کی 4 سالہ حکمرانی کے سبب پیدا ہونے والے مسائل حل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہے، کھربوں ڈالر کی مالک اشرافیہ اپنے وطن کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے کم از کم 10 ارب ڈالر قرض دیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں اضافے سے گندم مہنگی ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں کابینہ کا حجم چھوٹا ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگلے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ملک کے مخصوص حصوں میں غیرمقبول ہونے کے پروپیگنڈے کو غلط ثابت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) دونوں کی نام نہاد مقبولیت کو بھی بے نقاب کردیں گے۔

پنجاب میں سیاسی عدم استحکام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں گے یا نہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے لاہور کے لیے منظور کردہ نئے ماسٹر پلان کا حوالہ دیتے ہوئے رانا فاروق سعید نے الزام عائد کیا کہ نئے ماسٹر پلان میں کھربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔

شہزاد چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب نے گزشتہ روز اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ کل (5 جنوری کو) ذوالفقار علی بھٹو کا یومِ پیدائش ہر سطح پر مکمل جوش و خروش سے منایا جائے گا۔

ارشد شریف قتل کیس: خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو فنڈز کے اجرا کی درخواست مسترد

ہر دور کے مقبول گلوکاروں میں نصرت فتح علی خان اور لتا شامل

پاکستان ’اشتعال انگیز اور بے بنیاد‘ بیانات سے گریز کرے، افغان طالبان