پاکستان

کراچی میں اومیکرون کے نئے ویرینٹ کے 6 کیسز رپورٹ

اومیکرون کے 'ایکس بی بی' اور 'ایکس بی بی-ون' کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ترجمان محکمہ صحت
|

کراچی میں کورونا وائرس کی انتہائی متعدی قسم اومیکرون کے نئے ویرینٹ کے 6 کیسز سامنے آگئے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ مہر خورشید کے مطابق کراچی کے 6 شہریوں میں کورونا وائرس اومیکرون کے نئے ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تشخیص آغا خان یونیورسٹی سے کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اومیکرون کے ’ایکس بی بی‘ اور ’ایکس بی بی-ون‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کا شکار 3 شہری ڈیفنس، ایک شادمان، ایک طارق روڈ کا رہائشی ہے جبکہ ایک نامعلوم مقام سے ہے۔

ترجمان کے مطابق تاحال یہ تعین نہیں ہو سکا کہ تمام متاثرہ شہریوں نے کن ممالک کا سفر کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت چین میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں جہاں کئی شہروں میں لاک ڈاؤن اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔

قبل ازیں آج وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کووڈ-19 کی صورتحال قابو میں ہے تاہم انہوں نے حکام کو وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کووڈ-19 کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو خطے سمیت پوری دنیا اور پاکستان میں اس وقت کورونا کی صورتحال، کووڈ-19 کی نئی اقسام اور اس کی روک تھام کے لیے کئے گئے اقدامات اور ویکسی نیشن کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسی نیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے، پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر اسکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے نظام کی ’تھرڈ پارٹی‘ رپورٹ پیش کی جائے، پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کووڈ-19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے۔

واضح رہے کہ اومیکرون کے سب ویرینٹ ’بی ایف سیون‘ کے پھیلنے کے خدشات اور خطرات کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کو تعلیمی اداروں، سماجی اجتماعات و تقریبات کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کرنے اور اس سلسلے میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

حکام نے بتایا تھا کہ اس سلسلے میں طورخم بارڈر پر پیدل چلنے والوں کی ویکسی نیشن اور ان کے اسکریننگ ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر شروع کردیے گئے ہیں۔

یہ فیصلے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیے گئے تھے۔

اجلاس میں این آئی ایچ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران کووڈ 19 کی صورتحال اور کورونا کی نئی لہر سے لاحق خطرات کے حوالے سے ہوائی اڈوں پر نگرانی کے طریقہ کار پر غور کیا گیا تھا۔

برطانیہ، ایرانی پاسداران انقلاب کو جلد ہی دہشت گرد قرار دے گا، رپورٹ

کراچی ٹیسٹ: پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ 449 رنز بناکر آؤٹ، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 154 رنز

ٹوئٹر پر متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان