دنیا

افغانستان: کابل میں فوجی ہوائی اڈے کے باہر دھماکا، متعدد افراد جاں بحق

کابل میں ہوائی اڈے کے باہر ہونے والے دھماکے کی وجہ اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے، وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافع تکور

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی ہوائی اڈے کے باہر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ’اے ایف پی‘ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافع تکور نے بتایا کہ کابل میں ہوائی اڈے کے باہر ہونے والے دھماکے کی وجہ اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد ہم وطن شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

عبدالنافع تکور کا کہنا تھا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ برس اگست میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد سیکیورٹی کو بہتر بنایا ہے لیکن کئی بم دھماکے اور حملے ہوچکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کی ذمہ داری ’داعش‘ کے مقامی گروپ نے قبول کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں اقلیتی برادریوں کے لوگ سمیت سیکڑوں افراد حملوں میں ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 12 دسمبر 2022 کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چینی تاجروں میں مقبول ایک ہوٹل پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق کابل میں واقع کثیرالمنزلہ ہوٹل لونگین سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا، طالبان سیکیورٹی فورسز فوری طوری پر جائے وقوع پر پہنچی تھیں اور علاقے کو سیل کر دیا تھا۔

اس سے قبل 3 دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا تھا جہاں ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا تھا۔

کراچی: سال نو کے موقع پر فائرنگ سے 37 افراد زخمی، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 20 ملزمان گرفتار

شوبز شخصیات کو سال 2023 سے اچھی توقعات، مداحوں کو مبارک باد

یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، آٹے، گھی کی قیمتوں میں اضافہ