پاکستان

نئے سال کی آمد: کراچی، اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

اسلام آباد اور کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، حکام
|

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی کی انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی خدشات اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر ایک رات کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرکے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 31 دسمبر شام 6 بجے سے لے کر یکم جنوری تک رہے گا۔

کراچی میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 31 دسمبر کی شام سے یکم جنوری تک شہر میں دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون نے شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرنے کے لیے خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پورے شہر میں نئے سال کی آمد پر جوش و جذبے کے ساتھ جشن منایا جائے گا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق ڈی آئی جی نےکہا تھا کہ اس رات شہر کے متعدد علاقوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سی ویو کا رخ کرے گی، جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل ہوں گے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے کراچی ڈویژن میں 31 دسمبر تا یکم جنوری ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر متعلقہ ایس ایس پیز کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور خلاف وزری کرنے والوں پر متعلقہ تھانوں میں مقدمہ درج کیا جائےگا۔

امریکا: ایوان نمائندگان کی کمیٹی ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس ریکارڈ جاری کرنے کیلئے تیار

فخر زمان، حارث سہیل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل

پیلے: فٹبال کو عزت بخشنے والا ’دی کنگ‘ کبھی نہ بھلایا جاسکے گا