پاکستان

پنجاب: دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب مزید پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

4 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ لاہور میں خراب موسم کی وجہ سے ترکیہ ایئرلائن کی 2 پروازیں منسوخ ہوگئیں

پنجاب میں دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے مزید پروازیں تاخیر اور منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری ہے جہاں 4 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ لاہور میں خراب موسم کی وجہ سے ترکیہ ایئرلائن کی 2 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ ملتان اور لاہور ایئرپورٹ میں گزشتہ رات سے حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سےجدہ سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے-840، اس کے علاوہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے-739 اور اومان کے دارلحکومت مسقط سے لاہور آنے والی پرواز پی کے-230 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اسی طرح شارجہ سے لاہور آنے والی ایئربلو کی پرواز پی اے-413 بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ استنبول سے لاہور آنے والی ترکیہ ایئرلائن کی پرواز ٹی کے-714 اور لاہور سے استنبول جانے والی پرواز ٹی آر-715 منسوخ ہوگئی ہیں۔

اس کے علاوہ 27 دسمبر کو دبئی سے سیالکوٹ آنے والی پرواز پی کے-180 کو اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا تھا جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے-768، مدینہ سے لاہور کی پرواز پی کے-848 اور مدینہ سے لاہور کی پرواز پی کے-748 کو بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔

ان پروازوں کے مسافروں کو ایئرلائن کی جانب سے فراہم کی گئی بس میں ان کے شہر لے جایا گیا، سول ایوی ایشن نے مسافروں کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے ایئرلائن سے فلائٹ کی معلومات حاصل کرلیں۔

فلائٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے www.caapakistan.com.pk پر جاکر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ پر رات 10 بجے تک حد نگاہ کم ہونے اور دھند کی وجہ سے گزشتہ روز 2 بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دبئی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے-204 تاخیر کا شکار ہوئی جو کل( 30 دسمبر) کی صبح 4 بجکر 10 منٹ پرپہنچے گی جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی پی کے-740 بھی 30 دسمبر کی صبح 5 بج کر 10 منٹ پر پہنچے گی۔

اسی طرح جدہ سے ملتان آنے والی ایئربلو کی پرواز پی اے-872 بھی تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ شارجہ سے ملتان آنے والی پرواز پی اے-813 بھی 30 دسمبر رات ایک بجکر 45 منٹ تک تاخیر کا شکار ہوئی۔

جدہ سے ملتان آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-740/743 منسوخ ہو گئی۔

اس کےعلاوہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جون اور نومبر سے درمیان ملک کے بیشتر ایئرپورٹ پر طیارے سے پرندوں کے ٹکرانے کے ایک سو ایک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

طیارے سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات عام ہیں لیکن یہ طیارے اور مسافروں کے لیے انتہائی خطرہ ہے۔

سول ایوی ایشن نے مکمل اعداد وشمار ظاہر نہیں کیے لیکن انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکام کی جانب سے اقدامات اٹھانے کے بعد جون سے نومبر کے درمیان طیارے سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ زیر جائزہ مدت کے دوران لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں طیارے سے پرندوں کے ٹکرانے کے 35 واقعات رپورٹ ہوئے جو اب تک سب سے زیادہ ہیں جبکہ سکھر ایئرپورٹ میں صرف تین واقعات رپورٹ ہوئے جو سب سے کم ہیں۔