پاکستان

کراچی: 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500 روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر

پاکستان ادارہ شماریات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 100 روپے تک مزید مہنگا ہوچکا ہے۔

کراچی میں آٹے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا اور 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 100 روپے تک مزید مہنگا ہوا ہے۔

حساس قیمت انڈیکس کے مطابق 22 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے سب سے بڑے شہر میں فی کلو آٹا 125 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس کی قیمت اسلام آباد اور پنجاب کے مقابلے میں تقریباً 100 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی، حیدرآباد اور کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بالترتیب 2 ہزار500، 2 ہزار420 اور 2 ہزار320 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح بنوں، پشاور، لاڑکانہ اور سکھر میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا بالترتیب 40 روپے، 70 روپے، 50 روپے اور 40 روپے مہنگا ہوا۔

دوسری جانب اسلام آباد اور پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ ڈان اخبار کی 17 دسمبر کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں مہنگائی پہلے ہی عروج پر ہے اور ایسے میں حکام اور ملرز کی جانب سے دودھ اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے غریب صارفین کو ایک خوفناک دھچکا لگا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق فی لیٹر دودھ کی قیمت 170 روپے سے بڑھا کر 180 روپے کردی گئی۔ْ

دوسری جانب فلور ملز مالکان نے آٹے کے نرخ 96 روپے فی کلو سے بڑھا کر 104 روپے فی کلو کردیے تھے جبکہ فائن آٹا اور سوپر آٹے کے نرخ 105 روپے فی کلو سے بڑھا کر 108 روپے فی کلو مقرر کر دیے تھے۔

سال 2022 میں ڈان پر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی شوبز کی خبریں

کوئٹہ پی ایس ایل 8 کے میچز کی میزبانی کرے گا

کراچی: عدالت کا کالے شیشے والی گاڑیوں، غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی کا حکم