کھیل

کراچی ٹیسٹ: انگلینڈ 354 رنز بنا کر آؤٹ، دوسری اننگز میں پاکستان نے 21 رنز بنا لیے

ہیری بروک نے دورہ پاکستان کے دوران تیسری سنچری اسکور کی، پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہیری بروک کی سنچری کی بدولت 354 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے۔

کراچی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے دوسرے دن دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی مزید 29رنز کی ضرورت ہے۔

کراچی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 7رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بین ڈکٹ اور اولی پوپ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور بآسانی مزید 51 رنز جوڑ کر اسکور کو 58 تک پہنچا دیا تاہم اسی اسکور پر نعمان کی گیند پر 26 رنز بنانے والے ڈکٹ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔

تاہم انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر جو روٹ بھی سلپ میں کیچ دے بیٹھے اور انگلینڈ کی ٹیم یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔

دوسرے اینڈ سے اولی پوپ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 98 کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی خوبصورت گیند پر وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اس کے بعد ہیری بروک کا ساتھ دینے کپتان بین اسٹوکس آئے اور دونوں نے مزید 42 رنز کی شراکت قائم کر کے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آ رہی تھی لیکن اس دوران محمد وسیم کی گیند پر غیرضروری طور پر تیسرا رن لینے کی کوشش میں بین اسٹوکس اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 26 رنز بنائے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان کی ٹیم جلد ہی انگلینڈ کی بقیہ وکٹیں بھی حاصل کر کے معقول برتری لینے میں کامیاب رہے گی لیکن ہیری بروک اور بین فوکس نے پاکستان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پورے سیشن میں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی جبکہ اس دوران بروک نے ایک اور بہترین باری کھیلتے ہوئے دورہ پاکستان کے دوران اپنی تیسری سنچری بھی مکمل کر لی۔

جب میچ کے دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید محض 50رنز درکار ہیں۔

بعد ازاں ہیری بروک 111 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ ریحان احمد ایک، مارک ووڈ 35 رنز، اولی روبنسن 29 بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیک لیچ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں بابر اعظم اور آغا سلمان کی نصف سنچریوں کی بدولت 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔