پاکستان

سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ایک تولا سونے کی قیمت 800 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 72 ہزار 200 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 62 روپے ہوگئی۔

ملک میں ایک تولا سونے کی قیمت 800 اضافے کے بعد ایک لاکھ 72 ہزار 200 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 62 روپے ہونے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ عالمی منڈیوں میں سونا 11 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار 793 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

رواں برس یکم جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 46 ہزار روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 39 ہزار 866 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جنوری میں یہ قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 26 ہزار 200 روپے اور ایک لاکھ 8 ہزار 196 روپے پر تھیں جبکہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت ایک ہزار 830 ڈالر فی اونس کے قریب تھی۔

علاوہ ازیں یکم جنوری کو پاکستان میں ڈالر کی قیمت 178 روپے تھی لیکن روپے کی قدر 26 فیصد گرنے کے بعد اب ڈالر کی قیمت 223.91 روپے ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے ایک جیولر محمد ارشد نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نے جنوری سے اب تک عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو غیرمؤثر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خطرات کے پیشِ نظر سونے کی خریداری میں اضافہ ہوگیا تھا، تاہم یہ سلسلہ گزشتہ چند روز میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے تھم گیا۔

شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے سونے کے سیٹوں کی فروخت تاحال تھمی ہوئی ہے کیونکہ بہت سے خاندان بدترین مہنگائی اور بھاری یوٹیلیٹی بلز سے بری طرح متاثر ہوچکے ہیں، ان کے لیے سونا خریدنا مشکل ہو چکا ہے یا پھر وہ کم وزن کے جیولری سیٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کا وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ

بابراعظم نے کراچی ٹیسٹ میں مصباح الحق کا ریکارڈ توڑ دیا

بھارت کا ’ہندو قوم پرست ریاست‘ بننے کا خطرہ ہے، امریکی رکن کانگریس