کھیل

ٹی20 میں کم ترین اسکور کا نیا عالمی ریکارڈ، سڈنی تھنڈرز 15رنز پر ڈھیر

اس سے قبل ٹی20 میچ میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ترکی کی ٹیم کے پاس تھا۔

کرکٹ میں ریکارڈ بننا کوئی نئی بات نہیں لیکن آسٹریلین بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی تھنڈرز نے ایک ایسا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو شاید کافی عرصے تک ٹوٹ نہ سکے۔

جمعہ کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈرز کی ٹیم صرف 15 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو پیشہ ورانہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کے کم ترین اسکور کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ایڈیلیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کرس لِن کے 36 اور کولن ڈی گرینڈ ہوم کے 33 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔

تاہم ایک بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن تباہی سے دوچار ہوگئی۔

سڈنی تھنڈرز کی پوری ٹیم صرف 5.5 اوورز میں 15 رنز پر ڈھیر ہوگئی جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

میزبان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا سب سے زیادہ 4 رنز دسویں نمبرپر بیٹنگ کے لیے آنے والے برینڈن ڈیگیٹ نے چوکا لگا کر بنائے جو اننگز میں ماری گئی واحد باؤنڈری تھی۔

اس بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچ کھلاڑی کھاتا بھی نہ کھول سکے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پیشہ ورانہ ٹی20 میچ میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ترکی کی ٹیم کے پاس تھا جو 2019 میں جمہوریہ چیک کے خلاف صرف 21 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

ایڈیلیڈ کی جانب سے ہنری تھورن ٹن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف تین رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں جبکہ ویس ایگار نے چھ رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہنری تھورن ٹن کو ان کی تباہ کن باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔