صحت

دن کی روشنی میں متحرک رہنے کا اچھی نیند سے تعلق دریافت

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ سردیوں کے موسم میں رات کو دیر سے سونے اور صبح کو دیر سے جاگنے کے عادی ہوتے ہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ سردیوں کے موسم میں رات کو دیر سے سونے اور صبح کو دیر سے جاگنے کے عادی ہوتے ہیں لیکن ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ سب فطرتی نہیں ہے۔

امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سردیوں کے موسم میں لوگ کم وقت تک دن کی روشنی میں وقت گزارتے ہیں، جس وجہ سے انہیں رات کو سونے میں پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔

ماہرین نے مذکورہ تحقیق کے دوران سال کی چاروں موسموں میں لوگوں کی نیند کا موازنہ کیا اور ان کی نیند کو دن کی روشنی میں متحرک رہنے سے جوڑا۔

طبی جریدے ’جے پی آر‘ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے دن کی روشنی میں متحرک رہنے اور رات کو اچھی نیند کے درمیان تعلق دریافت کرنے کے لیے 500 رضاکاروں پر ایک سال یا پھر چار موسموں تک تحقیق کی۔

ماہرین نے رضاکاروں کو اپنی مرضی سے دن کی روشنی میں متحرک رہنے کی اجازت دی اور پھر انہوں نے تمام رضاکاروں کی نیند کے دورانیے اور رات کو سونے سمیت صبح کے اٹھنے کا وقت نوٹ کیا۔

ماہرین نے نوٹ کیا کہ زیادہ تر رضاکار سردیوں کے موسم میں دیگر موسموں کے مقابلے 35 منٹ تاخیر سے سو رہے ہیں جب کہ اسی موسم میں وہ اوسطا 27 منٹ تاخیر سے جاگ رہے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ تمام رضاکاروں کو سردیوں کے موسم میں جلد سونے اور جلد اٹھنے میں پریشانی کا سامنا رہا۔

ماہرین نے رضاکاروں کے سردیوں میں تاخیر سے سونے اور تاخیر سے اٹھنے کو ان کے دن کی روشنی میں متحرک رہنے سے جوڑا اور معلوم ہوا کہ تمام رضاکار سردیوں کے موسم میں دن کی روشنی میں کم وقت گزار رہے ہیں۔

ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ بہترین اور پرسکون نیند کے لیے دن کی روشنی میں متحرک رہنا لازمی ہے۔

ماہرین کے مطابق صبح کے وقت کے علاوہ شام اور دوپہر کے وقت دن کی روشنی اور دھوپ میں متحرک رہنے سے جسم پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں جب کہ اس سے نیند میں مدد دینے والے سسٹم کو بھی فائدہ ملتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ صبح یا شام کے اوقات کے برعکس دوپہر کے وقت متحرک رہنا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے رات کو اچھی اور پرسکون نیند آ سکتی ہے۔

نیند کا دورانیہ آپ کے دل کی صحت پر کتنا اثر انداز ہوتا ہے؟

نیند کیوں رات بھر نہیں آتی؟

اکثر نیند نہیں آتی؟ تو آپ کے لیے جلد موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے