برطانیہ: شدید برف باری کے باعث سفر ی سہولیات متاثر، منجمد جھیل میں گرکر 3 بچے ہلاک
وسطی انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے قریب سردی کی شدت سے منجمد جھیل میں گرنے سے 3 کم سن بچے موت کے منہ میں چلے گئے، مرنے والوں کی عمریں 8، 10 اور 11 سال تھیں جب کہ ایک بچہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کل سہ پہر سولی ہول کے بابس مل پارک کی جھیل میں گرنے سے 3 لڑکے ہلاک ہو گئے۔
سخت سرد پانی میں گرنے کے بعد تینوں لڑکوں کو دل کا دورہ پڑ اجنہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک اور لڑکا جس کی عمر 6 سال ہے، وہ ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
عینی شاہدین نے کہا کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں سردی کی شدید لہر کے دوران جمنے والی جھیل پر دیگر بچوں کو بھی دیکھا لیکن پولیس نے کسی اور کے لاپتا ہونے کی اطلاع نہیں دی، سردی کی رواں لہر نے برطانیہ کے کئی علاقوں کو سخت متاثر کیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ سولی ہول پولیس رچرڈ ہیرس نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے، فائر سروس اور پولیس اہلکار جمے ہوئے پانی میں اتر گئے تھے، “ ایک افسر نے لڑکوں تک پہنچنے کے لیے مکے مار کر برف کو توڑنے اور راستہ بنانے کی کوشش کی۔
یہ افسوسناک حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کہ برطانیہ کو ان دنوں شدید برف باری اور جمانے دینے والے موسمی حالات کا سامنا ہے، سردی کی شدید لہر معمولات زندگی کو مفلوج کردیا ہے، سفری سہولیات بھی تعطل کا شکار ہیں، منگل کے روز ملک گیر ریل ہڑتال کے موقع پر سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا جس کی سخت موسمی صورتحال سے قبل ہی توقع کی جا رہی تھی۔
برطانیہ کو حالیہ کچھ دنوں سے سخت سرد موسم کا سامنا ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت -10 ڈگری سیلسیس (14 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گر چکا ہے جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ درجہ حرارت غیر معمولی نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی، جنوب مغربی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے شمال سمیت کئی علاقوں میں برف باری، دھند اور سڑکوں پر برف کی موجودگی سے متعلق ییلو الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ لندن اسٹینسٹڈ ہوائی اڈے میں خلل کی وارننگ دی گئی۔
ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا رن وے عارضی طور پر بند ہے جب کہ ہم برف صاف کر رہے ہیں، پیر کی صبح کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے بعد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ رن وے کو کھول دیا گیا ہے اور وہ آپریشنل ہے۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ میں جاری شدید برفانی موسم کی وجہ سے ملک کے بڑے ایئر پورٹ اسٹینسٹڈ اور گیٹ وِک دونوں پر رن وے آج رات عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جس سے اس دوران شیڈول تمام پروازوں میں خلل پڑتا ہے۔
برس میں پھنسے ہوئے درجنوں مسافروں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں برف سے ڈھکے رن وے اور برف میں پھنسے طیارے دکھائی دے رہے ہیں۔
برطانیہ کے سب سے بڑے ہوائی اڈے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتوار کے روز بھی جمادینے والی سردی کے باعث 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
رات بھر جاری رہنے والی برف باری کے دوران تقریباً چار انچ (10 سینٹی میٹر) برف گری جس ے بعد لندن میں ٹرین اور بس سروسز بھی بری طرح متاثر ہوئیں جب کہ اس دوران ایم 25 روڈ کو بھی بند کرنا پڑاجو ملک کا مصروف ترین موٹر وے ہے، شدید سردی اور برف باری کے باعث کچھ اسکولوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔