دل ٹوٹا تو’کہانی سنو‘ گایا آئمہ بیگ
مقبول گلوکارہ آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ ان کا دل ٹوٹا ہوا تھا، جس وجہ سے انہوں نے کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ گایا جو لوگوں کو بہت پسند بھی آیا۔
آئمہ بیگ نے چند دن قبل ’کہانی سنو‘ کی ویڈیو کو ریلیز کیا تھا، ان سے قبل مذکورہ گانا کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے کیفی خلیل نے گایا تھا۔
کیفی خلیل نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔بعد ازاں کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا تھا۔
لوگوں نے کیفی خلیل کے دونوں گانوں کو پسند کیا تھا، تاہم آئمہ بیگ کی آواز میں مداحوں کو گانا پسند نہیں آیا اور انہوں نے گلوکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
لوگوں نے ان پر گانے میں عریانیت پھیلانے کا الزام بھی لگایا اور لکھا کہ ان کی آواز بہت بیکار ہیں، البتہ وہ ادائیں دکھاکر لوگوں کو محظوظ کرنا چاہتی ہیں۔
اسی طرح بعض لوگوں نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ان سے بہتر گلوکاری نیہا ککڑ اور ڈھنچک پوجا بھی کرتی ہیں۔
تاہم اب گلوکارہ نے لوگوں کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گانے کو بہت پسند کیا گیا اور 24 گھنٹوں کے اندر ٹرینڈ کرنے لگا۔
’انڈیپینڈنٹ اردو‘ سے بات کرتے ہوئے آئمہ بیگ نے کہا کہ ان کا دل ٹوٹا ہوا تھا اور وہ کافی عرصے سے اسی طرح کا کوئی گانا تیار کرنا چاہ رہی تھیں مگر ان سے گانا تیار نہیں ہو پا رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پھر انہوں نے کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ سنا تو انہیں ایسا محسوس ہوا، گانے میں وہی الفاظ ہیں جو وہ کہنا چاہتی ہیں، اس لیے انہوں نے وہ گانا گایا۔
آئمہ بیگ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کیفی خلیل سے باضابطہ طور پر اجازت لے کر گانا گایا اور انہوں نے انہیں اجازت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی آواز میں گانا سننا چاہتے ہیں۔
گلوکارہ کے مطابق انہوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ ان کے گانے کو اتنا پسند کیا جائے گا، انہوں نے ’کہانی سنو‘ اپنے ٹوٹے ہوئے دل کے لیے گایا تھا، کیوں کہ اس وقت ان کا دل ٹوٹا ہوا تھا۔
آئمہ بیگ نے مزید کہا کہ دل ٹوٹنے کے لیے ہی بنا ہے، ٹوٹ کر پھر جڑ جاتا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا جہاں شوبز شخصیات کو شہرت بخشتی ہے، وہیں وہ ان کی زندگی بھی تباہ کرتی ہے اور لوگ فنکار ہونے کے ناتے شخصیات پر کھلی تنقید بھی کرتے ہیں، انہیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ فنکار بھی انسان ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس ستمبر میں آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے منگنی ختم کرنے کی تصدیق کی تھی، دونوں نے جون 2022 میں منگنی کی تھی اور جلد شادی کا ارادہ رکھتے تھے۔