پاکستان

پاک-افغان سرحد کے قریب کارروائی میں داعش-خراسان کے 4 دہشتگرد مارے گئے، سی ٹی ڈی

ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، دستی بم، کلاشنکوف سمیت دیگر سامان برآمد ہوا، سی ٹی ڈی

محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا اور سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ داعش سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی سرحد پار کرنے کی مصدقہ اطلاع پر افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا، دہشت گردوں نے ٹیم کا سامنا ہونے پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 2 کلاشنکوف بمعہ 6 میگزینز، 2 پستول، درجنوں کارتوس، پاکستانی کرنسی، شناختی کارڈ سمیت مختلف قسم کے کارڈز، گھڑی اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

بیان کے مطابق ہلاک چاروں دہشت گردوں کا تعلق داعش خراساں سے تھا، جن کی شناخت داعش کے مقامی کمانڈر محمد داود ولد محمد یعقوب، عبداللہ ولد خان گل، محمد لائق ولد پیاو دین کے نام سے ہوئی جبکہ ایک ہلاک دہشت گرد کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جو ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے جبکہ 2 دہشت گرد سرحد پار کرکے فرار ہو گئے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ رات کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بنوں ریجن کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ افغانستان سرحد کی طرف سے داعش خراساں کے دہشت گرد سرحد پار کرنے اور علاقے میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی نیت سے حملے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی اسپیشل ٹیم فورا تیار ہو کر پاک-افغان سرحد کے قریب پہاڑی علاقے دردونی حدود تھانہ غلام خان ضلع شمالی وزیرستان باؤنڈری کے آس پاس 10 دسمبر 2022 کو مطلوبہ مقام کو خفیہ طریقے سے گھیرے میں لے لیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی دوران اطلاع کے عین مطابق 6 مشکوک مسلحہ افراد سرحد پار کرکے جیسے ہی پاکستانی حدود میں داخل ہوئے تو سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے ساتھ آمنا سامنا ہوا، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

بیان کے مطابق پہلے سے منصوبہ بندی کے ساتھ موجود سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے حق حفاظت خود اختیاری کی خاطر جوابی کاروائی میں فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹہ جاری رہا، جیسے ہی فائرنگ رکی تو سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن عمل میں لایا گیا، 4 دہشتگرد ہلاک شدہ پائے گئے جبکہ دیگر دہشتگرد سرحد پار کرکے بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ خفیہ اطلاع پر آپریشن کی پہلے سے منصوبہ بندی اور بہترین حکمت عملی کی بدولت آپریشن ٹیم جانی نقصان سے محفوظ رہی۔

ڈیلی میل کی شہباز شریف سے معذرت ہماری بے گناہی کا ثبوت ہے، نواز شریف

گوگل جلد پاکستان میں دفتر کھولے گا، وزارت آئی ٹی

قطر: امریکی اسپورٹس صحافی ورلڈکپ میچ کی کوریج کے دوران چل بسے